بھو بھارتی نہیں بلکہ ’بھو ہڑپتی‘! سابق آئی پی ایس افسر کی 4.27 ایکڑ اراضی پر قبضہ، 13 اضلاع میں زمینوں کے ریکارڈ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا انکشاف
تلنگانہ میں زمینوں کے ریکارڈ میں بڑے پیمانے پر مبینہ دھاندلی اور اراضی پر قبضوں کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں جعلسازوں نے بھو بھارتی پورٹل کے ریکارڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے سابق آئی پی ایس افسر سمیت کئی افراد کی زمینیں ایک شخص کے نام منتقل کردیں۔
سنگاریڈی: تلنگانہ میں زمینوں کے ریکارڈ میں بڑے پیمانے پر مبینہ دھاندلی اور اراضی پر قبضوں کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں جعلسازوں نے بھو بھارتی پورٹل کے ریکارڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے سابق آئی پی ایس افسر سمیت کئی افراد کی زمینیں ایک شخص کے نام منتقل کردیں۔
اس دھوکہ دہی کا نشانہ خاص طور پر ریٹائرڈ عہدیداروں، بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) اور اپنے آبائی مقامات سے دور رہنے والے افراد کی اراضیاں بنائی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق، سابق آئی پی ایس افسر ایش کمار نے تقریباً 18 سال قبل ضلع سنگاریڈی کے اندول منڈل کے سنگوپیٹ میں سروے نمبر 329/2 کے تحت 4.27 ایکڑ زرعی اراضی خریدی تھی اور تب سے وہ اس کے مالک تھے۔
حال ہی میں مقامی کسانوں نے محکمہ مال کے عہدیداروں سے شکایت کی کہ ایش کمار کی زمین سے متصل اراضی پر ایک شخص فنکشن ہال تعمیر کررہا ہے اور اس مقصد کے لیے ساتھ موجود اسائنڈ اراضی پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
محکمہ مال کے عہدیداروں نے سروے کرتے ہوئے اسائنڈ اراضی کی حدود کا تعین کیا۔ اس دوران جب انہوں نے مقامی کسانوں سے پوچھا کہ میر مراد علی کون ہے، کیونکہ متصل 4.27 ایکڑ اراضی اس کے نام پر درج تھی، تو کسان حیران رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ زمین سابق آئی پی ایس افسر ایش کمار کی ملکیت ہے۔ اس کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا کہ آخر ان کی زمین کسی دوسرے شخص کے نام کیسے منتقل ہوگئی؟
معاملہ سامنے آنے کے بعد ایش کمار نے محکمہ مال کے عہدیداروں سے شکایت کی، جس کے بعد کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے تحقیقات شروع کیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایش کمار کی 4.27 ایکڑ اراضی کے علاوہ سنگاریڈی میں مزید 28 گنٹے اور کولور میں چار ایکڑ اراضی بھی مبینہ طور پر میر مراد علی کے نام منتقل کی گئی تھی۔ سی آئی ڈی نے مزید پتہ چلایا کہ اسی طرز پر ریاست کے 13 اضلاع میں زمینوں کے ریکارڈ میں دھاندلی کرتے ہوئے کئی غیر قانونی معاملات انجام دیے گئے۔ اس سلسلے میں سی آئی ڈی نے مبینہ گروہ کے نو ارکان کو گرفتار کرلیا۔
اسکینڈل کے انکشاف کے بعد محکمہ مال کے عہدیداروں نے ایش کمار کی 4.27 ایکڑ اراضی سمیت گروہ کی جانب سے غیر قانونی طور پر منتقل کی گئی دیگر زمینوں کی ملکیت بھی دوبارہ اصل مالکان کے نام بحال کردی۔
تاہم سی آئی ڈی کو شبہ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر زمینوں کے ریکارڈ میں تبدیلی صرف ویب سائٹ ہیک کرکے ممکن نہیں تھی۔ اس سازش میں محکمہ مال کے بعض عہدیداروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جارہا ہے اور اس پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقعہ نے بھو بھارتی پورٹل کی سلامتی اور ڈیجیٹل اراضی ریکارڈ کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ خاص طور پر ریٹائرڈ عہدیداروں، این آر آئیز اور مقامی طور پر موجود نہ رہنے والے افراد کی زمینوں کو نشانہ بنائے جانے سے عام شہریوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب ناقدین نے سوال اٹھایا ہے کہ ایش کمار جیسے بااثر سابق عہدیدار کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی زمین واپس دلادی گئی، لیکن اگر کسی عام شہری کی زمین اسی طرح جعلسازی کے ذریعے کسی دوسرے کے نام منتقل کردی جائے تو کیا اسے بھی اتنی ہی تیزی سے انصاف مل سکے گا؟