ملعون سادھو یتی نرسنگھا نند کو غازی آباد میں حراست میں لے لیاگیا
وائر ل ویڈیو کی مکمل جانچ پڑتال کئے جانے کے بعد ہی کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر گشت کررہے وائرل ویڈیو میں نرسنگھا نند کو گستاخانہ تبصرے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
غازی آباد(یوپی): دسنا دیوی مندر کے مہنت یتی نرسنگھانند سرسوتی کے گستاخانہ تبصروں پر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے جانے کے بعد اسے یوپی میں غازی آباد پولیس لائنس میں حراست میں لے لیاگیا۔
مسلمانوں نے جمعہ کی شب غازی آباد اور مغربی اترپردیش میں کئی مقامات پر شدید احتجاج کیا۔نرسنگھا نند کے خلاف جمعرات کے روز ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور الزام عائد کیاگیاتھا کہ اس نے 29 ستمبر کو غازی آباد میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔
اس کے خلاف ایک پولیس عہدیدار ترویندرسنگھ نے سہانی گیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت ایک کیس درج کرلیاگیاتھا۔ایس ایچ او سچن کمار نے بتایا کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں نرسنگھانند کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
وائر ل ویڈیو کی مکمل جانچ پڑتال کئے جانے کے بعد ہی کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر گشت کررہے وائرل ویڈیو میں نرسنگھا نند کو گستاخانہ تبصرے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اتراکھنڈ یونٹ نے جمعہ کے روز نرسنگھانندکے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیاتھا۔ ریاستی یونٹ کے صدر نیئر کاظمی نے کہاکہ نرسنگھانند بار بار اہانت آمیز تبصرے کرتاہے۔ میں نے کئی شکایات درج کرائی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے نرمی اور پولیس کی جانبداری کی وجہ سے بچتارہاہے۔
نرسنگھا نند کو 2022 میں بھی اشتعال انگیز تقریر پر گرفتار کیاگیاتھا۔ دسمبر 2021 میں اس نے ہریدوار میں منعقدہ دھرم سنسد میں ایک اجتماع کے دوران مسلمانوں سے متصور ہ خطرہ کے پیش نظر ہندوؤں کو اسلحہ سے لیس ہوجانے کی تلقین کی تھی۔