حیدرآباد: ریونت ریڈی کی مداخلت کے بعد کماری آنٹی کا فوڈ اسٹال دوبارہ کھل گیا
اسٹریٹ فوڈ سیلر اور سوشل میڈیا اسٹار 'کماری آنٹی' کو مادھا پور میں اپنا فوڈ اسٹال دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے کیونکہ اس معاملہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خود مداخلت کی ہے۔

حیدرآباد: اسٹریٹ فوڈ سیلر اور سوشل میڈیا اسٹار ‘کماری آنٹی’ کو مادھا پور میں اپنا فوڈ اسٹال دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے کیونکہ اس معاملہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خود مداخلت کی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے کمار آنٹی کو ان کا فوڈ اسٹال بند کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ سوشیل میڈیا پر گرم ہوگیا تھا۔
جیسے ہی تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اس بات کا علم ہوا، انہوں نے محکمہ بلدی نظم و نسق اور ڈی جی پی تلنگانہ کو ہدایت دی کہ وہ کماری آنٹی کے فوڈ اسٹال سے متعلق اپنا فیصلہ منسوخ کریں اور انہیں اپنا اسٹال دوبارہ کھولنے دیں۔
رائے درگم پولیس نے منگل کو ٹریفک مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی دکان بند کر دی تھی اور اسے دوسری جگہ منتقل ہونے کو کہا تھا۔ یہ معاملہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور انٹرنیٹ صارفین نے منقسم آراء کے ساتھ اپنے موقف کا اظہار کیا تھا۔
بتادیں کہ کماری آنٹی سوشل میڈیا پر شہرت رکھتی ہیں کیونکہ شہر کے فوڈ بلاگرز ان کے اسٹال پر آکر ویڈیو بناتے ہیں جس کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں لوگ ان کے اسٹال کی طرف راغب ہوتے ہیں۔
ان کی مقبولیت اتنی ہے کہ فلمی اداکاروں کو بھی اپنی فلم کی تشہیر کے دوران ان کے فوڈ اسٹال پر رکتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اسٹال پر لوگوں کی بھیڑ اس قدر بڑھنے لگی کہ ہوٹل آئی ٹی سی کوہِ نور کے ساتھ والی سڑک پر ٹریفک جام ہونے لگی۔ اسے دیکھتے ہوئے پولیس نے کماری آنٹی کو اپنا اسٹال وہاں سے اٹھاکر دوسری جگہ لگانے کا حکم دینا پڑا تاہم چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مداخلت کے بعد پولیس کو یہ حکم واپس لینا پڑا ہے۔