حیدرآباد

یاترا کے بعد راہول بڑے قائد کے طور پر ابھریں گے: جے رام رمیش

وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ مودی کی غلط پالیسیوں سے آج ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، سماجی عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے، آمریت بڑھ چکی ہے۔

حیدرآباد: سابق مرکزی وزیر کانگریس قائد جے رام رمیش نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا میں، جس نے گذشتہ دیڑھ ماہ کے دوران 5 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے 1300 کیلو میٹر کا سفر مکمل کیا ہے اور روزانہ ہزاروں افراد اس یاترا میں حصہ لے رہے ہیں، راہول گاندھی اس سفر کے ساتھ ایک بڑے لیڈر کے طور پر ابھریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی سیاسی جماعت کے لیڈڑ نے آج تک اتنا طویل پیدل سفر نہیں کیا ہے۔ جے رام رمیش نے جو بھارت جوڑو یاترامیڈیا کمیٹی کے کنوینر ہیں، آج راہول گاندھی کی یاترا کے دوبارہ آغاز کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے بلکہ نفرت کے اس ماحول میں ملک کے عوام کو اتحاد ویکجہتی، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغان دینا ہے۔

 وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ مودی کی غلط پالیسیوں سے آج ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، سماجی عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے، آمریت بڑھ چکی ہے۔

 جمہوریت دم توڑ رہی ہے، مذہب کے نام پر شہریوں کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ اسی طرح تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی آمرانہ طرزحکمرانی سے عوام بیزار ہوچکے ہیں۔ اس یاترا کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مضبوط ہورہی ہے۔

 آئندہ چند دنوں ملک اور تلنگانہ میں سیاسی تبدیلیاں دیکھی جائیں گی۔ اپوزیشن اتحاد سے متعلق جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کے بغیر اپوزیشن کا اتحادکبھی ممکن نہیں ہے۔ بی جے پی کا مقابلہ کرنے کیلئے کانگریس کو ساتھ لینا ہوگا۔

اے آئی سی سی صدارتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جس میں داخلی جمہوریت ہے۔کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی پارٹی ڈسپلن شکنی سے متعلق سوال پر جے رام رمیش نے کہا کہ اے آئی سی سی کی جانب سے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے۔

 اس کے بعد ہی ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ بھارت جوڑو یاترا سے منگوڈ ضمنی انتخابات میں کانگریس کو فائدہ ہوگا؟۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاتر کسی بھی انتخابات سے بالاتر ہے۔

 اس سفر کو انتخابات اور ووٹوں کے نظریہ سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ا یک سوال کے جواب میں جے رام رمیش نے کہا کہ تلنگانہ میں آٹھویں نظام کے سی آر حکمرانی کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت کو بیدخل کردے گی