پی وی سندھو کی تاریخی کامیابی پر آندھرا پردیش کی قیادت نے خوشی کا اظہار کیا
گورنر نے ان کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
وجے واڑہ : آندھرا پردیش کے گورنر ایس عبدالناصر، وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو اور نائب وزیر اعلیٰ کے پون کلیان نے جاپان اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیتنے پر ہندوستان کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو کو مبارکباد دی ہے۔
گورنر ایس عبدالناصر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پی وی سندھو نے اتوار کو ٹوکیو میں جاپان اوپن 2026 کا خطاب اور اپنا پہلا سپر 750 ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھو جاپان اوپن کا خطاب جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں اور انہوں نے اپنی شاندار کامیابی سے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ گورنر نے ان کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے بھی پی وی سندھو کو جاپان کی اکانے یاماگوچی کے خلاف 21-17، 21-17 سے سیدھے گیمز میں شاندار کامیابی حاصل کرکے جاپان اوپن جیتنے پر دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی بیڈمنٹن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے اور اولمپکس کے لیے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ کے پون کلیان نے کہا کہ اکانے یاماگوچی کو ان کے ہوم کورٹ پر بے خوف انداز میں شکست دینا سندھو کے حوصلے، ثابت قدمی اور ایک بھارتی چیمپئن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہاکہ "مشکلات پر قابو پا کر دوبارہ چیمپئن بننا اس کامیابی کو اور بھی خاص بنا دیتا ہے۔ جاپان میں یہ باوقار خطاب جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن کر آپ نے ایک بار پھر ہر ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آپ کا سفر لاکھوں نوجوان کھلاڑیوں کو بڑے خواب دیکھنے، سخت محنت کرنے اور کبھی ہمت نہ ہارنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ دعا ہے کہ یہ شاندار کامیابی عالمی سطح پر ترنگے کا وقار بلند کرنے والی مزید تاریخی فتوحات کا آغاز ثابت ہو۔”