GHMC کے نئے قانون سے متعلق اہم سوالات کے جواب
تلنگانہ حکومت کی جانب سے 12 ستمبر 2026 کو قانون ساز اسمبلی میں ایک بل پیش کیا گیا جس کو تلنگانہ کور اربن ریجن انٹیگریٹڈ گورننس بل 2026 کا نام دیا گیا ہے۔ اس بل کو شارٹ فارم میں کیور بل کہا گیا ہے۔
سوال: میرا نام یوسف جانی ہے اور میں ملے پلی کا ساکن ہوں۔ کیا اس وقت بلدیہ حیدرآباد کے لئے ایک نیا قانون وضع کیا گیا ہے۔ اگر نیا قانون بنایا گیا ہے تو پرانے قانون کا کیا ہوا ہے۔ اب اجازت ناموں یا پرمیشنس کے خصوص میں بلدیہ کے جو بھی معاملات رہیں گے۔ وہ کونسے قانون کے تحت رہیں گے۔ اس کے بارے میں مختصراً معلومات فراہم کریں تو بڑی مہربانی ہوگی۔
جواب: تلنگانہ حکومت کی جانب سے 12 ستمبر 2026 کو قانون ساز اسمبلی میں ایک بل پیش کیا گیا جس کو تلنگانہ کور اربن ریجن انٹیگریٹڈ گورننس بل 2026 کا نام دیا گیا ہے۔ اس بل کو شارٹ فارم میں کیور بل کہا گیا ہے۔ بل کو حکومت نے اسمبلی میں منظور کروا لیا ہے اور اب اسے قانون بنانے کا جو عمل ہے وہ جاری ہے۔
یہ پروسیس ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ کوئی بھی قانون نافذ العمل ہونے کے لئے سب سے پہلے گورنر کی رضامندی ضروری ہوتی ہے۔ گورنر کی رضامندی کے بعد اس کو گزٹ نوٹیفکیشن میں شائع کیا جاتا ہے۔ جس کو نوٹیفکیشن جاری کرنا کہا جاتا ہے۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد ہی کوئی بھی قانون نافذ العمل ہوتا ہے۔ جس دن یہ گزٹ نوٹیفکیشن آئے گا۔
اس دن سے نیا قانون نافذ العمل ہو جائے گا۔ فی الحال گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایکٹ ہی یہاں نافذ العمل ہے۔ تقریباً 70 سال پہلے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1955 بنایا گیا تھا جو حیدرآباد کی بلدی ضروریات،عوامی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لئے وضع کیا گیا تھا۔ اس کے بعد آبادی میں اضافہ ہوتا گیا۔
پھر اس کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایکٹ میں بدلا گیا۔ حالیہ دنوں میں حیدرآباد کو تین کارپوریشنس میں تقسیم کیا گیا جن میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، سائبر آباد میونسپل کارپوریشن اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشن شامل ہے۔ یہ تینوں کارپوریشنس کو اب ایک جگہ کرتے ہوئے ایک کیور بل لایا گیا ہے جو جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 کی جگہ لے گا۔
اس طرح سے جو نیا قانون ہے۔ اس میں تمام ہی بلدیاتی نظام کے مکمل ضابطے، رولس اور قواعد کو عمل میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ قانون تب ہی نافذ العمل ہوگا جب اس کو گورنر کی جانب سے رضامندی یا منظوری حاصل ہوگی۔
ابھی یہ قانون نہیں بنا ہے۔ تب تک کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایکٹ ہی نافذ العمل رہے گا۔ حیدرآباد،سائبر آباد اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشنس کے لئے بھی یہی قانون رہے گا اور ریاست کی دوسری بلدیات کے لئے تلنگانہ میونسپلٹی ایکٹ کے تحت ہی نظام چلایا جائے گا۔