سرکاری کام کے لئے رشوت طلب کی جائے تو شکایت کہاں کریں؟
دیکھئے جناب! رشوت دینا اور لینا دونوں غیر قانونی ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ آپ ہرگز رشوت نہ دیں اور جو بھی رشوت کا تقاضا کر رہے ہیں۔ یہ بھی غیر قانونی ہے۔ ایسے معاملات میں تلنگانہ میں ایک اینٹی کرپشن بیورو موجود ہے جس کا ہیڈ آفس روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں واقع ہے۔
سوال : مجھے ایک ریونیو آفس کو جانے کا اتفاق ہوا۔ میرا ایک چھوٹا سا کام تھا۔ جس کے لئے میں ریونیو آفس سے رجوع ہوا۔ میرے ریکارڈ میں کچھ ترمیم کی ضرورت تھی تاہم اس کام کے لئے مجھے متعدد مرتبہ دفتر کے چکر لگانے پڑے لیکن میرا کام نہیں ہوا۔ وہاں کے چند ملازمین ہیں جو مجھ سے کام کی انجام دہی کے لئے رشوت کا تقاضا کر رہے ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک میں ان کے مطالبہ کو پورا نہیں کروں گا تب تک میرا کام نہیں ہوگا۔میں نے سنا ہے کہ کوئی اے سی بی دفتر ہوتا ہے جہاں ایسے معاملات کی شکایتیں کی جا سکتی ہیں۔ میں بھی شکایت کرنا چاہتا ہوں۔ اس کے لئے کیا طریقہ کار ہے۔ مجھے کوئی آسان طریقہ بتائیں۔ برائے مہربانی میرا نام پوشیدہ رکھیں۔ میرا نام اخبار میں شائع نہ کریں۔
جواب: دیکھئے جناب! رشوت دینا اور لینا دونوں غیر قانونی ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ آپ ہرگز رشوت نہ دیں اور جو بھی رشوت کا تقاضا کر رہے ہیں۔ یہ بھی غیر قانونی ہے۔ ایسے معاملات میں تلنگانہ میں ایک اینٹی کرپشن بیورو موجود ہے جس کا ہیڈ آفس روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں واقع ہے۔ اس کا ایک ٹول فری نمبر بھی ہے جو 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔
ٹول فری نمبر 1064 ہے۔ آپ جہاں کہیں بھی رہیں۔ اس ٹول فری نمبر پر کال کرتے ہوئے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ آپ کا نام بھی پوشیدہ رکھا جائے گا۔ جب تک مکمل کارروائی نہیں ہو جاتی۔ آپ کے نام کا بھی انکشاف نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن بیورو کی ایک ویب سائٹ بھی ہے۔آپ اے سی بی پورٹل پر جا کر بھی آن لائن معلومات حاصل کرسکتے ہیں اور جو آپ سے رشوت کا تقاضا کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو میں کیس درج کرواسکتے ہیں۔
ایسی بات نہیں ہے کہ صرف رشوت کے تقاضہ کی صورت میں ہی آپ اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہو سکتے ہیں بلکہ اگر کوئی عہدیدار یا سرکاری ملازم کے پاس اس کی آمدنی سے زیادہ غیر محسوب اثاثہ جات ہیں تو اس کے خلاف بھی آپ اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ اگر کوئی عہدیدار یا ملازم اپنے عہدہ کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
کسی کو ہراساں کر رہا ہے۔ اپنے عہدہ کا غلط استعمال کرتے ہوئے کسی پر ظلم اور زیادتی کر رہا ہے تو بھی آپ اس سلسلہ میں اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ آپ جیسے لوگ اگر ہمت کریں گے تو یہ رشوت جیسی لعنت، ناسور یا سماجی برائی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی رشوت دے کر اپنا کام کرواتا ہے تو اس سے میرٹ اور مستحق افراد متاثر ہوتے ہیں۔
مستحقین کے حقوق سلب ہوتے ہیں۔ یہ سماج کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے لہذا آپ کوشش کریں کہ جلد سے جلد اینٹی کرپشن بیورو کے عہدہ داروں سے رابطہ قائم کریں۔ اے سی بی کے عہدہ داروں کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔ وہ آپ کو سمجھائیں گے کہ کس طرح سے شکایت کرنا ہے۔ کس طرح سے وہ کارروائی انجام دیں گے۔ کس طرح سے وہ آپ کے ساتھ مل کر کارروائی کریں گے تاکہ جو کوئی بھی رشوت کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔