میں ہند۔ پاک ڈائیلاگ کے لئے اسلام آباد نہیں جارہا ہوں:وزیر خارجہ
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ہفتہ کے دن کہا کہ وہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) چوٹی کانفرنس کے لئے پڑوسی ملک کے دورہ میں ہند۔ پاک ڈائیلاگ نہیں کریں گے۔

نئی دہلی(آئی اے این ایس) وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ہفتہ کے دن کہا کہ وہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) چوٹی کانفرنس کے لئے پڑوسی ملک کے دورہ میں ہند۔ پاک ڈائیلاگ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مانا کہ ان کے دورہ ئ پاکستان کو میڈیا میں زیادہ اہمیت دونوں ممالک کے تعلقات کی نوعیت کی وجہ سے مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وہاں ہند۔ پاک تعلقات پر بات چیت کے لئے نہیں جارہا ہوں۔
میں وہاں ایس سی او کے رکن کی حیثیت سے جارہا ہوں۔ 15 اور 16 اکتوبر کو ایس سی او کانفرنس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے۔ جئے شنکر نے کہا کہ مجھے جاریہ ماہ پاکستان جانا ہے۔
ایس سی او سربراہان ِ حکومت کے اجلاس میں عام طورپر وزیراعظم جاتے ہیں۔
روایت یہی رہی ہے۔ جاریہ سال یہ میٹنگ اسلام آباد میں ہورہی ہے۔ پاکستان ہماری طرح ایس سی او کا نیا رکن ہے۔ غور طلب ہے کہ تقریباً 10 سال بعد ہندوستان کا وزیر خارجہ‘پاکستان جارہا ہے۔