فٹبال ورلڈ کپ افتتاحی تقریب میں ذاکر نائیک کو مدعو نہیں کیا گیا: قطر
عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اس سلسلہ میں واقف کردیاگیاتھا۔ اس کے باوجود بعض ممالک کی جانب سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ دوحہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ذاکر نائیک کو مدعو کیاگیا تھا۔

قطر: قطر کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ بعض طاقتیں ہندوستان اور قطر کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اسلامی مبلغ ذاکر نائک کو ایف آئی ایف اے ورلڈ کپ دوحہ میں مدعو کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاکر نائیک کو افتتاحی تقریب میں مدعو نہیں کیاگیا جیسا کہ بعض ممالک کی جانب سے کہاجارہاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اس سلسلہ میں واقف کردیاگیاتھا۔ اس کے باوجود بعض ممالک کی جانب سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ دوحہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ذاکر نائیک کو مدعو کیاگیا تھا۔
قطر کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ 20نومبر 2022 کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں اسلامی مبلغ کو مدعو نہیں کیاگیا۔ قطر کی جانب سے اس طرح کی وضاحت اس وقت کی گئی جبکہ مودی حکومت کی جانب سے دوحہ کے حکام کو بتایا گیاہے کہ نائب صدر جگدیپ دھنکر جو کہ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں اگر ذاکر نائیک شرکت کریں تو جگدیپ کا دورہ قطر منسوخ کردیاجائے گا۔
نائب صدر ہندوستان جگدیپ نے 20نومبر کو منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور دوسرے دن وہ قطر سے ہندوستان کے لیے واپس ہوئے۔ اسلامی مبلغ ذاکر نائیک ہندوستان کے حکام کو 2016 سے مطلوب ہیں بتایا جاتاہے کہ وہ منی لانڈرنگ اور دوسری بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں میں بھی ملوث ہیں۔
ان کے تعلق سے حکام نے نفرت انگیز تقاریر کرنے اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے بھی الزامات عائد کئے گئے۔ تاہم قطر کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ذاکر نائیک دوحہ کا نجی طور پر دورہ کرسکتے ہیں۔ عہدیداروں نے مزید کہاہے کہ ذاکر نائیک کے تعلق سے پیدا شدہ تنازعہ ختم کردینا جاناچاہئے جو کہ بعض ممالک کی جانب سے پیدا کردہ ہے۔