شام اور عراق میں امریکی افواج کے دو اڈوں پر حملہ
عراقی مسلح گروپوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے شام اور عراق میں امریکی افواج کے دو اڈوں پر حملہ کیا ہے۔ گروپوں نے کہا کہ یہ حملے غزہ میں ہمارے لوگوں کے خلاف دشمن کے جرائم کے جواب میں کئے جارہے ہیں۔
بغداد: عراقی مسلح گروپوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے شام اور عراق میں امریکی افواج کے دو اڈوں پر حملہ کیا ہے۔ گروپوں نے کہا کہ یہ حملے غزہ میں ہمارے لوگوں کے خلاف دشمن کے جرائم کے جواب میں کئے جارہے ہیں۔
غیرملکی رپورٹ کے مطابق "عراق میں اسلامی مزاحمت” کے نام سے وابستہ دھڑوں نے کہا کہ انہوں نے مغربی عراق میں عین الاسد کے اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ ڈرون نے براہ راست اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ شام میں عراقی دھڑوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے الحسکہ کے جنوب میں الشدادی میں امریکی اڈے کو ایک بڑے میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
عراقی گروپوں نے مزید کہا کہ بمباری غزہ میں ہمارے لوگوں کے خلاف دشمن کی طرف سے کیے گئے جرائم کے جواب میں کی گئی ہے۔
سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر مسلسل اسرائیلی بمباری کے جواب میں کئی عراقی دھڑوں نے بیانات جاری کیے جس میں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ دھڑوں کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے براہ راست امریکی حمایت سے کیے جا رہے ہیں۔ اسی بنا پر امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
عراقی حزب اللہ بریگیڈز کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ اس گروپ نے خطے میں امریکی افواج پر مزید حملے کرنے کا تہیہ کیا ہے۔