تلنگانہ

نرمل: پاکستان حامی نعرے لگانے کا الزام لگا کر مسلم طلبا کو بدنام کرنے کی کوشش، ضلع کلکٹر سے کارروائی کرنے اساتذہ تنظیموں کا مطالبہ

اس ریالی میں طلباء کی جانب سے لگایا گیا نعرہ ’’ہم بچوں کا نعرہ ہے، تعلیم کا حق ہمارا ہے‘‘ کو فرقہ پرست عناصر نے ’’ہم بچوں کا نعرہ ہے، پاکستان ہمارا ہے‘‘ سے تبدیل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مسلم اسکولی بچوں نے پاکستانی حامی نعرے لگائے۔

نرمل: اساتذہ کے تنظیموں کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے آج نرمل ضلع کلکٹر کرناٹی ورون ریڈی سے نئے کلکٹریٹ کمپلکس میں ملاقات کی اور ڈی ای او سمیت اولہ اردو میڈیم اسکول کے ہیڈماسٹر کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ بدنام کرنے والے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں
نرمل میں تلنگانہ یوم تعلیم کا شاندار انعقاد، پانچ اردو اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

ضلع کلکٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔

واضح رہیکہ 3جون کو ضلع نرمل کے موضع اولہ میں بڈی باٹا پروگرام کے تحت تمام اسکولوں کی جانب سے طلباء کی ریالی نکالی گئی، جس میں ضلع مہتمم تعلیمات ڈاکٹر اے رویندر ریڈی، ایم ای او متیم، کنٹالہ ماڈل اسکول پرنسپل، تیلگو اور اردو میڈیم ہائی اسکولوں اور پرائمری اسکولوں کے ہیڈماسٹر بشمول اساتذہ نے حصہ لیا۔

اس ریالی میں طلباء کی جانب سے لگایا گیا نعرہ ’’ہم بچوں کا نعرہ ہے، تعلیم کا حق ہمارا ہے‘‘ کو فرقہ پرست عناصر نے ’’ہم بچوں کا نعرہ ہے، پاکستان ہمارا ہے‘‘ سے تبدیل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مسلم اسکولی بچوں نے پاکستانی حامی نعرے لگائے۔

اس طرح سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور تیلگو پرنٹ میڈیا میں اس کی خوب تشہیر کرتے ہوئے اردو اسکول کے معصوم اور بے گناہ طلباء اور ہیڈماسٹر کو بدنام کیا گیا۔

دوسری جانب اے بی وی پی طلباء تنظیم کے قائدین نے اسکول ہیڈماسٹر اور ڈی ای او کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کرناٹی ورون ریڈی سے تحریری طور پر شکایت کی۔ اس کے بعد فرقہ پرست جماعت کے قائدین نے کنٹالہ پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کروائی۔

آج ضلع کے تمام اساتذہ تنظیموں کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے نرمل ضلع کلکٹر سے ملاقات کی اور ویڈیو میں چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اردو اسکول کے طلباء اور ہیڈماسٹر کو بدنام کرنے والے بدمعاشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آ ئیں، جس پر کلکٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔

اس وفد میں ٹی ایس پی ٹی اے صدر شیخ شبیر علی، جنرل سکریٹری ساجد معراج، ٹی ایس جی ایچ ایم اے صدر بی مہیندر، پی آر ٹی یو صدر نریندر بابو، جنرل سکریٹری رمنا راؤ، ایس ٹی یو صدر گجیندر، ٹی ایس یو ٹی ایف صدر داسری شنکر، جنرل سکریٹری اشوک، ٹی پی ٹی ایف صدر وجئے کمار، ٹی یو ٹی ایف صدر لکشمی پرساد ریڈی، جنرل سیکریٹری روی کانت، ایس سی، ایس ٹی ٹی یو صدر راجیش نائیک، ٹریسما صدر سرینواس گوڑ بشمول اولہ اردو ہائی اسکول ہیڈماسٹر سنیل ریڈی اور دیگر شامل تھے۔