شمالی بھارت

یوپی میں ہندو عورت کا اغوا‘مسلمان پڑوسی کے خلاف کیس درج

اترپردیش کے ایک شخص نے اپنے پڑوسی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ اس کی بیوی کو بھگالے گیا ہے اور تبدیلی مذہب کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے۔

بارہ بنکی: اترپردیش کے ایک شخص نے اپنے پڑوسی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ اس کی بیوی کو بھگالے گیا ہے اور تبدیلی مذہب کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے۔

اسٹیشن ہاؤز آفیسر (ایس ایچ او)آسندرہ نتیش سریواستو نے بتایا کہ انہیں سنیل کمار نامی شخص سے شکایت ملی ہے کہ اس کی بیوی اس کے پڑوسی سہیل خان کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔ وہ 19 اکتوبر سے لاپتہ ہے۔

سنیل کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ سہیل اس کی بیوی کو دھرم پریورتن کے لئے مجبور کررہا ہے۔ اسے بعض دیہاتیوں نے بتایا کہ اس کی بیوی آخری وقت سہیل کے ساتھ ایک مزار پر جاتی دکھائی دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اترپردیش انسداد ِ غیرقانونی تبدیلی مذہب قانون کے تحت ایف آئی آر درج کرلی۔ شادی کے لئے مجبور کرنے کسی عورت کے اغوا کی دفعہ بھی لگادی گئی۔

سابق میں بھی سنیل نے الزام عائد کیا تھا کہ سہیل نے 17 ستمبر کو اس کی بیوی کا اغوا کرلیا لیکن بروقت اطلاع ملنے سے اس نے مداخلت کرکے بیوی کو بچالیا۔ 19 اکتوبر کو جب وہ کام سے لوٹا تو اسے اس کی بیوی دکھائی نہیں دی۔

اس نے سسرال والوں کو اور دیگر رشتہ داروں کو فون کیا لیکن کوئی پتہ نہیں چلا۔ 22 اکتوبر کو اس نے ایف آئی آر درج کرائی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ ملزم اور عورت کا پتہ لگایا جارہا ہے۔