کرناٹک میں اکیڈیمک ٹورکے دوران سیلفی لینے، ریل بنانے پر امتناع
کرناٹک کے محکمہ تعلیم نے ریاست میں گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالجس کے زیر اہتمام اکیڈیمک ٹورس (تعلیمی تفریح) کے لئے سخت رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ طلبہ ایسی ٹرپس میں سیلفی نہیں لے سکتے، ویڈیو ریکارڈ نہیں کرسکتے اور ریل نہیں بناسکتے۔
بنگلورو (آئی اے این ایس) کرناٹک کے محکمہ تعلیم نے ریاست میں گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالجس کے زیر اہتمام اکیڈیمک ٹورس (تعلیمی تفریح) کے لئے سخت رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ طلبہ ایسی ٹرپس میں سیلفی نہیں لے سکتے، ویڈیو ریکارڈ نہیں کرسکتے اور ریل نہیں بناسکتے۔
ہفتہ کے دن دفتر کمشنر کی طرف سے جاری سرکلر میں محکمہ نے کہا ہے کہ اکسرکرشن کے لئے پیشگی اجازت لینی ہوگی۔ کالجس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قبل از وقت اجازت لئے بغیر اکیڈیمک ٹور کا اہتمام نہ کریں۔ گشتی میں کہا گیا ہے کہ کالجس کو پہلے محکمہ کو بتانا ہوگا کہ وہ طلبہ کو کہاں لے جارہے ہیں۔
طلبہ اور ان کے والدین سے منظوری بھی لینی ہوگی۔ طلبہ کو ٹور شروع ہونے سے پہلے رہنمایانہ خطوط کے بارے میں بتادینا ہوگا۔ محکمہ نے خاص طورپر اکیڈیمک ٹورس کے دوران سیلفی لینے، ویڈیو بنانے، ریل بنانے پر پابندی لگادی ہے۔ اکسرکرشن پر طلبہ کے ساتھ جانے والے انسٹرکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ پر کڑی نظر رکھیں۔
گشتی میں یہ بھی کہا گیا کہ طلبہ محکمہ تعلیم کے منظورہ مقامات پر ہی جائیں گے کہیں اور نہیں جائیں گے۔ طالبات کی سیفٹی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ لڑکیوں کے ساتھ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو متعلقہ لیکچرر اورپرنسپل کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ حال ہی میں بنگلور کے ایک 52 سالہ تاجر نے ایک جھیل کے قریب اس وقت اپنی جان گنوائی جب اس نے ایک جنگلی ہاتھی کے ساتھ سیلفی لینی کی کوشش کی۔
منڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے 3 میڈیکل انٹرن وشویشورا نہر میں ڈوب گئے تھے۔ ان لوگوں نے پانی کے تیز بہاؤ کے قریب سیلفی لینے کی کوشش کی تھی۔
سوشل میڈیا کے لئے ویڈیو بنانے کے دوران ایک 20 سالہ طالب علم تالاب میں گر کر ہلاک ہوگیا تھا۔ ضلع چک مگلورو میں ایک نوجوان سیلفی لینے کے دوران پہاڑی سے گرکر ہلاک ہوا تھا۔ اس حادثہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ نوجوانوں میں سیلفی کا جنون حالیہ عرصہ میں ایسے واقعات کا سبب بنا ہے۔