حیدرآباد

بی جے پی، کے سی آر حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کرے گی

ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا کے مزید حلقوں سے کامیابی کیلئے بی جے پی، فور ٹائر سسٹم کو اپنائے گی۔ آنے والے مہینوں میں گاؤں کی سطح پر 10 ہزار اسٹریٹ کارنر میٹنگس کا اہتمام کیا جائے گا۔

حیدرآباد: بی جے پی پارلیمنٹری بورڈ کے رکن وراجیہ سبھا ایم پی ڈاکٹر کے لکشمن نے جمعہ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی، چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیر قیادت بی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کرے گی۔

بی جے پی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ ایک عوامی جلسہ میں یہ چارج شیٹ جاری کی جائے گی۔ یہ عوامی جلسہ، ریاست میں اپریل میں منعقد ہوگا۔

اس مجوزہ جلسہ میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 90 اسمبلی نشستوں اور ملک بھر میں لوک سبھا کے 400 حلقوں سے کامیابی کے حصول کیلئے بی جے پی روڈ میاپ تیار کررہی ہے۔

 بی جے پی پارلیمنٹری بورڈ کے رکن نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی”کے سی آر ہٹاؤ تلنگانہ بچاؤ“ کے نعرے کے ساتھ عوام سے رجوع ہوگی۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ریاست میں اقتدار پر آنے کے بعد بی جے پی، ریاست کے تمام عوام کو مفت تعلیم اور علاج کی سہولتیں فراہم کرے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں ہر ایک اسمبلی حلقہ سے پارٹی ٹکٹ کیلئے4، امیدوار دعویدار ہیں۔ پارٹی ٹکٹ کیلئے 4 امیدواروں میں سخت مسابقت ہے۔ بی جے پی، ان 160 لوک سبھا حلقوں پر بھر پور توجہ دے گی جہاں سے سابق میں اسے کامیابی نہیں ملی ہے۔

 ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا کے مزید حلقوں سے کامیابی کیلئے بی جے پی، فور ٹائر سسٹم کو اپنائے گی۔ آنے والے مہینوں میں گاؤں کی سطح پر 10 ہزار اسٹریٹ کارنر میٹنگس کا اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ20 جنوری سے آنے والے 3مہینوں تک منڈل اور ضلع سطح پر سینکڑوں کی تعداد میں میٹنگس منعقد کی جائیں گی۔ پرجا غصہ۔ بی جے پی پر بھروسہ کے نام پر ان میٹنگوں کو منعقد کیا جائے گا۔