شمالی بھارت

راجستھان میں تمباکو کا بڑھتا استعمال، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

راجستھان میں تمباکو اور سگریٹ نوشی کی مصنوعات سے ہونے والی بیماریوں کے باعث ہر سال 77 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو جاتی ہے

جے پور  دنیا میں ہر سال 70 لاکھ سے زیادہ اور ہندوستان میں تقریباً 13.5 لاکھ لوگوں کی موت تمباکو نوشی سے جڑی بیماریوں کے باعث ہوتی ہے جبکہ راجستھان میں سال بھر میں اس سے مرنے والوں کی تعداد قریب 77 ہزار ہے۔

سوائی مان سنگھ میڈیکل کالج جے پور کے ناک، کان اور گلا محکمے کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر پون سنگھل نے ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے -2026 پر گلوبل ایڈلٹ ٹوبیکو سروے کے اعداد و شمار کے مطابق یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ راجستھان میں روزانہ تقریباً 211 لوگ تمباکو سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے وقت سے پہلے موت کا شکار ہو رہے ہیں۔

راجستھان میں تمباکو اور سگریٹ نوشی کی مصنوعات سے ہونے والی بیماریوں کے باعث ہر سال 77 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو جاتی ہے انہوں نے بتایا کہ راجستھان میں موجودہ وقت میں 24.7 فیصد لوگ کسی نہ کسی شکل میں تمباکو مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں۔

ان میں 13.2 فیصد لوگ سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ 14.1 فیصد لوگ چبانے والی تمباکو مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھل نے بتایا کہ اس سال کے تھیم کا مقصد لوگوں کو تمباکو سے ہونے والی سنگین بیماریوں کے تئیں بیدار کرنا، تمباکو چھوڑنے کے لیے راغب کرنا اور ضروری مدد فراہم کرنا ہے۔