برطانوی ہائی کمشنر کی ریونت ریڈی سے ملاقات
برطانوی ہائی کمشنر ایلکس ایلس نے آج سیکریٹریٹ پہنچ کر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔
حیدرآباد : برطانوی ہائی کمشنر ایلکس ایلس نے آج سیکریٹریٹ پہنچ کر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں نے لندن میں دریا ٹیمز پروجیکٹ کی طرز پر حیدرآباد میں دریا موسیٰ کے احیاء کا منصوبہ پر تفصیلی بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ لندن کے اپنے حالیہ سفر کے دوران انہوں نے دریائے ٹیمز کے انتظام کے طریقہ کار اور ریور فرنٹ پروجیکٹ کی ترقی کا خصوصی طور پر مطالعہ کیا تھا۔
انہوں نے ان کے ساتھ حیدرآباد میں دریا موسیٰ کو اسی ماڈل پر ترقی کرنے کے منصوبوں، پروجیکٹ کا خاکہ، دریا ٹیمزکے خطوط پر ترقی وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ دریا کے پانی کو مستحکم رکھتے ہوئے دیگر پروگراموں کے ساتھ ساتھ دریا کے تحفظ کو بھی اولین ترجیح دی جایگی اور اس منصوبے کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ منتخب پروجیکٹ سے مقامی عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے ۔
چیف منسٹر نے کہا کہ دریا موسیٰ کی ترقی میں ماحولیات کا تحفظ کیا جائے گا اور قدرتی وسائل کو نقصان پہنچائے بغیر ترقی کی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے چیف منسٹر کے وژن اور دریائی طاس کی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایلس نے کہا کہ وہ ریاست میں اسکل ڈیولپمنٹ اور ایکو ٹورازم میں تعاون کریں گے۔ اس میٹنگ میں چیف سکریٹری شانتی کماری، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، ڈپٹی ہائی کمشنر گیرتھ وین اوون اور دیگر نے شرکت کی۔