کھیل

بڑے کھلاڑیوں کے بغیر ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں:  نکولس پورن

نکولس پورن نے کہاکہ "آسٹریلیا نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا جب ان کے پاس بہت زیادہ بڑے کھلاڑی نہیں تھے، لیکن ان کے پاس ایک اچھی ٹیم تھی اور یہی انہیں جیتنے کے لیے کافی تھا۔

ہوبارٹ: ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنی مہم شروع کرنے سے پہلے اتوار کو کہا کہ بڑے ناموں کے بغیر ورلڈ کپ جیتا جا سکتا ہے۔

ویسٹ انڈیز اپنا پہلا گروپ بی میچ پیر کو یہاں بیلریو اوول میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ 2012 اور 2016 کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ویسٹ انڈیز پہلی بار ٹاپ ایونٹ میں کرس گیل اور ڈوین براوو کے بغیر ہیں۔ کیریبین ٹیم میں آندرے رسل، سنیل نارائن اور شمرون ہیٹمائر جیسے بڑے نام بھی نہیں ہیں۔

پورن نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہاکہ”میرے مطابق تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان توازن کام کرے گا، اگر آپ دیکھیں تو ان دو ورلڈ کپ (2012 اور 2016) میں جب ہم نے جیتا تھا، ہمارے پاس بہت سے بڑے نام تھے، لیکن پچھلے سال ورلڈ کپ میں بھی ہمارے پاس کئی بڑے نام تھے اور ہم (سیمی فائنل کے لیے) کوالیفائی نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہاکہ "آسٹریلیا نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا جب ان کے پاس بہت زیادہ بڑے کھلاڑی نہیں تھے، لیکن ان کے پاس ایک اچھی ٹیم تھی اور یہی انہیں جیتنے کے لیے کافی تھا۔

 اس لیے اگر ہم اپنی بات کریں تو ہمارے پاس بڑے نام نہیں ہیں۔ لیکن ہم نے ایک ٹیم بنائی ہے جو بہت اہم ہے۔ جب کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے کھیلیں گے اور ساتھ رہیں گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔”

تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں ویسٹ انڈیز کا انحصار برینڈن کنگ، کائل میئرز اور روومین پاول جیسے کھلاڑیوں پر ہے جنہوں نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پورن کی ٹیم کو سپر 12 میں پہنچنے کے لیے پہلے راؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ اور اس کے بعد آئرلینڈ اور زمبابوے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

پوران نے کہاکہ "ہاں، ورلڈ کپ جیتنا یقینی طور پر خاص ہوگا۔ ہماری ٹیم میں بہت سے نئے چہرے ہیں۔ ٹیم میں بہت سارے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ یہ ورلڈ کپ جیتنا ذاتی طور پر ہماری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔”