امریکہ و کینیڈا

کیپیٹول ہل پر حملے کے سرغنہ اسٹیوارٹ رہوڈز کو 18 سال قید کی سزا

امریکا کے ایک وفاقی جج نے انتہائی دائیں بازو کے عسکریت پسند گروپ اوتھ کیپرز کے بانی اسٹیورٹ رہوڈس کو جمعرات کے روز بغاوت کی سازش اور کیپیٹل ہل پر حملے سے متعلق دوسرے جرائم کے الزام میں 18 سال قید کی سزا سنائی۔

واشنگٹن: امریکہ میں 6 جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل پر حملے کے نتیجے میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کے سرغنہ اسٹیورٹ رہوڈز کو بغاوت کی سازش میں 18 سال قیدکی سزا سنادی گئی۔

امریکا کے ایک وفاقی جج نے انتہائی دائیں بازو کے عسکریت پسند گروپ اوتھ کیپرز کے بانی اسٹیورٹ رہوڈس کو جمعرات کے روز بغاوت کی سازش اور کیپیٹل ہل پر حملے سے متعلق دوسرے جرائم کے الزام میں 18 سال قید کی سزا سنائی۔

امریکی میڈیا کے مطابق تنظیم اوتھ کیپرز ملیشیا کے بانی اسٹیورٹ رہوڈز پر مسلح بغاوت کی منصوبہ بندی اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کے الزامات ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت اسٹیورٹ رہوڈز کیپیٹل ہل سے باہر تھا تاہم اس پر الزام تھا کہ وہ پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ کرنے والوں سے رابطے میں تھا۔

واضح رہے کہ پولیس نے کیپیٹل ہل پر حملے کے الزام میں ایک ہزار افراد کو گرفتار کیا تھا۔

حملے میں ملوث ملزمان کو سنائی جانے والی سزاؤں میں یہ اب تک کی سنائی جانے والی سب سے بڑی سزا ہے، پراسیکیوٹر نے عدالت سے 25 سال قید کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ 6 جنوری 2021 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نےکیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے، اس ہنگامہ آرائی کے دوران 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اسٹیورٹ رہوڈز کے گروپ کے ارکان نے 6 جنوری کو کیپیٹل ہل کر ایک ایسے وقت میں حملہ کیا تھا جب جوبائیڈن کی بحیثیت صدر توثیق کا عمل جاری تھا۔

اس حملے کا مقصد بائیڈن کی بطور صدر توثیق کو روکنا اور انہیں وائٹ ہاؤس سے باہر رکھنا تھا۔اوتھ کیپرز کا کیپٹل ہل پر کئی گھنٹوں تک قبضہ رہا تھا اور عمارت میں موجود پارلیمنٹ کے ارکان کو اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لینی پڑی تھی۔