حیدرآباد

بنجارہ ہلز کے کومارم بھیم آدیواسی بھون میں اسمارٹ راشن کارڈ تقسیم

اسمارٹ راشن کارڈ سے راشن کی تقسیم میں بدعنوانی پر لگے گی روک اظہرالدین

حیدرآباد :   تلنگانہ کے اقلیتی بہبود اور عوامی اداروں کے وزیر محمد اظہرالدین نے اتوار کو کہا کہ اسمارٹ راشن کارڈ کی تقسیم عوامی تقسیم نظام (پی ڈی ایس) کو مزید شفاف، ڈیجیٹل اور مستحقین کے لیے سہل بنانے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔

بنجارہ ہلز کے کومرم بھیم آدیواسی بھون میں اسمارٹ راشن کارڈ تقسیم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ نئے کارڈ پرانے راشن بک لیٹس سے وابستہ مشکلات کو ختم کریں گے اور مستحقین کو اپنے راشن سے متعلق تفصیلات آسانی سے حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔

اظہرالدین نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ فلاحی اسکیموں کے فوائد ہر اہل خاندان تک براہِ راست اور بغیر کسی دشواری کے پہنچیں۔

انہوں نے خواتین کے لیے مفت بس سفر، عمدہ معیار کے چاول کی فراہمی اور مفت بجلی سمیت حکومت کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کو مرحلہ وار پورا کیا جا رہا ہے۔

وزیر نے سول سپلائز کے وزیر این. اتم کمار ریڈی کی جانب سے عوامی تقسیم نظام کو مضبوط بنانے، راشن کارڈ کا دائرہ وسیع کرنے اور معیاری چاول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی ستائش کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مستحقین کی موجودہ رہائش گاہوں کے قریب زمین کی بھی نشاندہی کر رہی ہے تاکہ انہیں مقامی سطح پر مکانات فراہم کیے جا سکیں۔ اس کا مقصد ان مشکلات سے بچنا ہے جو کام کی جگہ اور خاندان سے دور مکانات الاٹ کیے جانے کی صورت میں پیدا ہوتی ہیں۔

والدین سے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دینے کی اپیل کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا کہ بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری اسکولوں اور رہائشی تعلیمی اداروں سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی جائز شکایات کا ازالہ کرے گی۔

اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، قانون ساز کونسل کے ارکان کوڈنڈارام اور مرزا رحمت بیگ، آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ارکان اسمبلی میر ذوالفقار علی اور کوثر محی الدین اور ارکان اسمبلی نوین یادو، دانم ناگیندر اور گنیش کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں اور مستحقین نے شرکت کی۔