علی گڑھ میں شوبھا یاترا کی روٹ بدلنے پر بی جے پی قائد کے خلاف کیس
پولیس نے کسی طرح صورتِ حال پر قابو پایا۔ میڈیا سے بات چیت میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سنجیو سمن نے کہا کہ سیکوریٹی کے مدنظر شوبھا یاترا کی روٹ طئے کی گئی تھی اور کئی سال سے یہی روایت چلی آرہی تھی۔

علی گڑھ (یوپی): رام نومی پر کالی میلہ شوبھا یاترا کی روایتی روٹ بدلتے ہوئے پولیس کی ہدایت کی مبینہ خلاف ورزی پر بی جے پی قائد اور درگا مہارانی مندر سیواسمیتی کی سرپرست ِ اعلیٰ شکنتلا بھارتی اور کمیٹی کے دیگر سینئر ارکان کے خلاف کیس درج کرلیا گیا۔
شکنتلا بھارتی نے شہر کے حساس علاقوں میں جلوس کی قیادت کی تھی۔ دہلی گیٹ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے بموجب حساس علاقہ میں جلوس داخل ہوتے ہی دو گروپس میں ہاتھاپائی ہوئی تھی۔ بعض لوگوں نے اس علاقہ میں جلوس کے داخل ہونے پر اعتراض کیا۔
پولیس نے کسی طرح صورتِ حال پر قابو پایا۔ میڈیا سے بات چیت میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سنجیو سمن نے کہا کہ سیکوریٹی کے مدنظر شوبھا یاترا کی روٹ طئے کی گئی تھی اور کئی سال سے یہی روایت چلی آرہی تھی۔
اس سے انحراف کی کوئی بھی کوشش ناقابل ِ قبول ہے تاہم شکنتلا بھارتی نے روٹ بدلنے کی مدافعت کی اور دعویٰ کیا کہ آرگنائزنگ کمیٹی نے حکام کو اس کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔ اتوار کی رات جلوس غیرمتوقع طورپر مسلم اکثریتی علاقہ میں داخل ہوگیا تھا۔
پولیس والوں نے شوبھا یاترا قائدین کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اس علاقہ میں داخل نہ ہوں۔ اونچی آواز میں میوزک نہ بجائیں اور آتشبازی نہ کریں۔