ٹریفک سگنل پر بیوی کا ڈانس، چندی گڑھ پولیس کانسٹبل معطل (ویڈیو وائرل)
اس تحقیقات کے بعد جیوتی اور پوجا کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 125، 292 اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جن کا تعلق ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے سے ہے۔

چندی گڑھ : چندی گڑھ پولیس نے سینئر کانسٹیبل اجے کنڈو کو اس وقت معطل کر دیا جب اُن کی اہلیہ جیوتی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو میں جیوتی کو سیکٹر 20 کے گردوارہ چوک پر زیبرا کراسنگ کے بیچ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
یہ واقعہ 20 مارچ کو شام 4:30 بجے پیش آیا، جب جیوتی نے اپنی نند پوجا کی مدد سے یہ ریل بنائی۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ سیکٹر 32 کے ایک مندر سے واپسی پر تھی اور اسی دوران اس نے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی۔ وائرل ویڈیو میں جیوتی ایک مشہور ہریانوی گانے پر ڈانس کر رہی ہیں، جبکہ اردگرد گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، ہیڈ کانسٹیبل جسبیر نے سیکٹر 34 پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس پر چندی گڑھ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اے ایس آئی بلجیت سنگھ کی سربراہی میں ایک ٹیم نے سیکٹر 20 گردوارہ چوک اور سیکٹر 17 پولیس اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔
اس تحقیقات کے بعد جیوتی اور پوجا کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 125، 292 اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جن کا تعلق ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے سے ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کانسٹیبل اجے کنڈو کو بھی معطل کر دیا گیا کیونکہ یہ ویڈیو ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپلوڈ کی گئی تھی۔ تاہم، جیوتی اور پوجا کو جلد ہی ضمانت مل گئی۔اجے کنڈو کی معطلی پر عوامی ردعمل ملا جلا رہا۔ بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کانسٹیبل کو اس کی اہلیہ کی حرکت پر سزا کیوں دی جا رہی ہے؟ کیا یہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہے یا زیادتی؟
ایک صارف نے تبصرہ کیا: "معطلی غلط فیصلہ ہے، اس نے صرف تفریح ہی تو کی ہے۔”جبکہ ایک اور صارف نے کہا: "یہ ریلس بنانے کا جنون کیا ہے؟ لگتا ہے لوگوں کو کچھ اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔”یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے اور پولیس کے اس فیصلے پر تنقید اور حمایت دونوں جاری ہیں۔