رشی کیش میں سڑک حادثہ میں یوکے ڈی لیڈر ترویندر سمیت دو افراد ہلاک
دہرادون: اتراکھنڈ میں رشی کیش کے نٹراج چوک کے قریب بے قابو ٹرک کی زد میں آکر اتراکھنڈ کرانتی دل (یوکے ڈی) کے سابق مرکزی صدر ترویندر سنگھ پنوار سمیت دو لوگوں کی موت ہو گئی، جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اتوار کی رات دیر گئے اس حادثے میں وہاں کھڑی پانچ دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے مسٹر پنوار اور دیگر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے پیر کی صبح بتایا کہ دیر رات سیمنٹ سے لدے ایک ٹرک نے نٹراج چوک کے قریب ایک ویڈنگ پوائنٹ کے باہر کھڑی کئی گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔
ویڈنگ پوائنٹ میں بی جے پی لیڈر بھگت رام کوٹھاری کے بیٹے کا ریسپشن تھا۔
رشی کیش کے رہنے والے اتراکھنڈ کرانتی دل کے لیڈر ترویندر سنگھ پنوار (69) ، مجاری لالتپاڈ کے رہنے والے گرجیت سنگھ (35) اور روہنی، دہلی کے رہائشی جتن بھی اس پارٹی میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ تینوں ایک ساتھ ویڈنگ پوائنٹ سے باہر نکلے۔
اسی دوران ایک ٹرک نے ویڈنگ پوائنٹ کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ٹکر مار دی اور ترویندر سنگھ پنوار، گرجیت سنگھ اور جتن کو کچل دیا۔ پولیس نے تینوں زخمیوں کو اسپتال بھیجا، جہاں ڈاکٹروں نے گرجیت کو مردہ قرار دے دیا، جب کہ ترویندر سنگھ پنوار کو بہتر علاج کے لیے رشی کیش کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) بھیج دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بھی مردہ قراردے دیا۔
آج صبح اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، مسٹردھامی نے کہا کہ یوکے ڈی کے سابق مرکزی صدر اور سرپرست ترویندر سنگھ پنوار جی کے ایک بدقسمت سڑک حادثے میں انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔
خدا سے دعا ہے کہ وہ آنجہانی کو اپنے قدموں میں جگہ دے پسماندگان و حامیوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔