حیدرآباد

جمخانہ گراونڈس پر دوسرے روز بھی افراتفری کا ماحول

سکندرآباد کے جمخانہ گراونڈس پر جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی افراتفری کا ماحول اُس وقت دیکھا گیا جبکہ کرکٹ شائقین کو جنہوں نے آن لائن ٹکٹس بک کرائے تھے، مایوسی کے ساتھ لوٹنا پڑا۔

حیدرآباد: سکندرآباد کے جمخانہ گراونڈس پر جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی افراتفری کا ماحول اُس وقت دیکھا گیا جبکہ کرکٹ شائقین کو جنہوں نے آن لائن ٹکٹس بک کرائے تھے، مایوسی کے ساتھ لوٹنا پڑا۔

سینکڑوں افراد نے شہر کے اُپل اسٹیڈیم میں 25 ستمبر کو ہند۔ آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میاچ کے ٹکٹس پے ٹی ایم کے ذریعہ خریدے تھے۔ یہ افراد فزیکل ٹکٹس کے حصول کیلئے آج جمخانہ گراونڈس پہنچے۔

کرکٹ کے ان شائقین نے بتایا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) نے انہیں مطلع کیا تھا کہ وہ کیو آر کوڈ بتا کر اپنے فزیکل ٹکٹس حاصل کرلیں۔ ساتھ میں ہمیں شناختی ثبوت اور تصویر بھی رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس اطلاع کے بعد وہ آج صبح جمخانہ گراونڈ س پہنچے تاہم پولیس نے انہیں اندر جانے سے روکدیا۔

ان شائقین نے بتایا کہ شناختی ثبوت بتانے کے بعد بھی پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ گراونڈس کے انٹرنس (داخلہ) گیٹ پر ایچ سی اے کی ایک فلیکسی لگائی گئی ہے جس پریہ تحریر ہے کہ ایچ سی اے،23 اور24 ستمبر کو جمخانہ گراونڈ پر ٹکٹس فروخت نہیں کرے گا اور مداحوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

اس موقع پر کرکٹ مداحوں اور پولیس کے درمیان بحث وتکرار شروع ہوگئی۔ ٹکٹوں کی فروخت پر مکمل وضاحت نہ ہونے پر مداح مشتعل تھے۔ دریں اثناء پے ٹی ایم کی ایک ٹیم جمخانہ گراونڈ پہنچی تاکہ جن لوگوں نے آن لائن ٹکٹ بک کرائے ہیں، ان میں فزیکل ٹکٹس جاری کئے جاسکے۔

فزیکل ٹکٹوں کے حصول کیلئے عوام کی بڑی تعداد گراونڈ پہنچی اس وقت پولیس کو صورتحال سے نمٹنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں، عوام کی ایک بڑی تعداد بھی گراونڈ پہنچی جنہوں نے آن لائن ٹکٹ بک نہیں کرایا مگر وہ اس امید پر یہاں پہنچے تھے کہ ایچ سی اے، آف لائن ٹکٹ فروخت کرے گا۔

ایچ سی اے نے تاحال اس کی وضاحت نہیں کی کہ کتنے ٹکٹ آن لائن اور آف لائن فروخت کئے جائیں گے۔ جمعرات کے روز جمخانہ گراونڈس، پر ٹکٹوں کے حصول میں افراتفری کا ماحول دیکھا گیا۔ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔ جس کے بعد بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔