تلنگانہ

تلنگانہ کے اسکولوں میں چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کا آغاز

اس اسکیم کو اکتوبر کے اواخر میں دسہرہ کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری اسکولوں میں باقاعدہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے67,147 مدارس میں زیرتعلیم23لاکھ طلبہ کو اس اسکیم کے تحت ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے جمعہ کے روز ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے چیف منسٹر بریک فاسٹ (ناشتہ) اسکیم کا آغاز کیا۔ مختلف اضلاع میں ریاست وزرا نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے ساتھ ناشتہ کرتے ہوئے اس اسکیم کا افتتاح کیا اس اسکیم کو متعارف کرانے کا مقصد طلبہ کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر غذائیت سے بھر پور معیاری ومتوازن غذا فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں
ممبئی یونیورسٹی میں سہ روزہ "جشن اردو” کا آغاز ، پروفیسر خالد قیصر ‘ شیخ عبداللہ کا خطاب
ناک کے ذریعہ استعمال کی اولین کووڈ ویکسین کی 26 جنوری کو لانچ
مدینہ ہائی اسکول میں انویسٹیچر تقریب، ڈاکٹر مصطفیٰ ہاشمی نے طلبہ کو کتابوں سے رشتہ جوڑنے کا مشورہ دیا
فلم ”گیم چینجر“کے اضافی شوز اور ٹکٹ قیمتوں میں اضافہ کی اجازت سے حکومت دستبردار، احکام جاری
آکاش ایجوکیشنل سروسز نے تلگو زبان میں یوٹیوب چینل کا آغاز کر کے امیدواروں کیلئے تعلیمی رسائی بڑھا دی

 اس اسکیم کو اکتوبر کے اواخر میں دسہرہ کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری اسکولوں میں باقاعدہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے67,147 مدارس میں زیرتعلیم23لاکھ طلبہ کو اس اسکیم کے تحت ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔

ریاستی وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر نے آج سکندرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی کے ایک سرکاری اسکول میں چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کلاسس کے آغاز سے 45 منٹ قبل اول تا دہم جماعت تک کے تمام طلبہ کو ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔

بریک فاسٹ کے مینو میں اڈلی سانبر، گیہوں کا روا، اپما چٹنی، پوری آلو قورمہ، ٹماٹر بھات، کھچڑی اور پونگل شامل ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے ضلع رنگاریڈی کے روبرالا کے اسکول میں اس منفرد اسکیم کا افتتاح کیا جبکہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر حیدرآباد کے اپل علاقہ میں چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کا آغاز کیا۔

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ ماہ دسہرہ تحفہ کے طور پر اس اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم پر عمل آوری سے ریاستی خزانہ پر سالانہ 400 کرور روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

 ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ غریب خاندانوں کے طلبہ کو غذائیت سے بھر پور ناشتہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حصول تعلیم پر ان طلبہ کی توجہ کو فروغ دینے کیلئے یہ اسکیم شروع کی گئی ہے۔

ایسے طلبہ جن کے والدین، صبح سویرے زرعی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے گھروں سے نکل پڑتے ہیں، کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ناشتہ اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حالیہ دنوں آئی اے ایس آفیسرس پر مشتمل ایک ٹیم کو ٹاملناڈو روانہ کیا تھا تاکہ یہ ٹیم وہاں زیر عمل ناشتہ اسکیم کا مطالعہ کرسکے۔

 اس ٹیم نے ٹاملناڈو میں طلبہ کیلئے نافذ العمل ناشتہ اسکیم کا تفصیلی مطالعہ کیا اور ایک رپورٹ حکومت کو پیش کردی۔ ٹیم نے اپنی اس رپورٹ میں چیف منسٹر کی توجہ اس جانب سے مبذول کرائی کہ ٹاملناڈو میں صرف کلاسس پنجم کے طلبہ تک کیلئے یہ اسکیم نافذالعمل ہے۔

تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہائی اسکول کے طلبہ کا بھی احاطہ کرتے ہوئے ناشتہ اسکیم کو تلنگانہ میں روبعمل لانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم اول تا دہم جماعت کے طلبہ کو اس اسکیم سے مستفید کرایا جائے گا۔

کے ٹی آر نے کہا کہ منا ٹرسٹ کو اس اسکیم پر عمل آوری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس ٹرسٹ کا اپل میں ایک وسیع سنٹر لائز ڈ کچن (با ورچی خانہ) ہے جہاں 2لاکھ طلبہ کے لئے پکوان کی گنجائش ہے۔

انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ معیاری کھانے کو یقینی بنائیں اور وقفہ وقفہ سے فوڈ کے نمونوں کو حاصل کرتے ہوئے ان کی جانچ کرتے رہیں، ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے تکو گوڑہ مہیشورم میں ایک اسکول میں چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی بھی موجود تھیں۔ ان دونوں وزراء نے طلبہ کو اڈلی کھلائی۔ پی ٹی آئی کے مطابق تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم جملہ23لاکھ طلبہ کو متوازن غذا کی فراہمی کے مقصد کے تحت حکومت تلنگانہ نے آج اسکولی طلبہ کیلئے چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کو متعارف کرایا۔

کے ٹی آر کے بشمول وزرا نے مختلف مقامات پر اس اسکیم کا افتتاح کیا۔ اسکیم کے افتتاح کے بعد وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے27,147 سرکاری اسکولوں میں ناشتہ اسکیم کو نافذ کیا جائے گا۔ ناشتہ،غذائیت سے بھر پور اور ذائقہ دار رہے گا۔

 کے ٹی آر نے یہ بات کہی۔ ریاست کے سرکاری اور ادارہ جات مقامی کے تمام اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ، ایام کار میں اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل رہیں گے۔ قبل ازیں جاری کردہ سرکاری احکام میں یہ بات بتائی گئی۔