نارائن پیٹ میں گنیش تہوار اور دیگر مذہبی تقریبات میں ڈی جے ساؤنڈ سسٹمز پر مکمل پابندی
اس اجلاس میں گنیش اتسو منتظمین کی تجاویز اور آراء بھی سنی گئیں، جن پر عمل درآمد کا وعدہ کیا گیا۔ ایس پی نے سبھی سے پرامن گنیش تہوار کے انعقاد کے لیے تعاون کی درخواست کی۔

حیدرآباد: نارائن پیٹ ضلع میں آئندہ گنیش تہوار اور دیگر مذہبی تقریبات کے دوران ڈی جے ساؤنڈ سسٹمز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب یوگیش گوتم آئی پی ایس نے ایک خصوصی اجلاس میں کیا، جو منگل کے روز پولیس ہیڈکوارٹر میں گنیش اُتسو کمیٹی کے ارکان اور ہندو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ منعقد ہوا۔
اپنے خطاب میں ایس پی یوگیش گوتم نے کہا کہ یہ فیصلہ معزز سپریم کورٹ کی ہدایات اور لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں نہ صرف مذہبی جلوسوں اور عوامی اجتماعات کے دوران، بلکہ کسی بھی طرح کے تہوار میں ڈی جے ساؤنڈ سسٹمز، آتش بازی اور دیگر شور پیدا کرنے والے ذرائع پر مکمل پابندی نافذ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ احکامات بھارتی سیول سکیورٹی کوڈ BNSS U/S 163 (جو کہ سابقہ CrPC 144 کے تحت آتا ہے) کے تحت آر ڈی او جناب رام چندر نے جاری کیے ہیں۔
ایس پی یوگیش گوتم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تیز آواز کے ڈی جے سسٹمز سے بزرگ شہریوں، مریضوں، امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء، چھوٹے بچوں اور عام شہریوں کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔ اسی لیے نہ صرف قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے بلکہ تہواروں کی روایتی اور پرامن نوعیت کو برقرار رکھنے کی خاطر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
ایس پی نے سختی سے خبردار کیا کہ اگر کوئی شخص یا کمیٹی پیشگی طور پر ڈی جے سسٹم بُک کرتی ہے یا تہوار کے دوران ڈی جے کا استعمال کرتی ہے تو نہ صرف ان سسٹمز کو ضبط کر لیا جائے گا بلکہ پنڈال یا منتظمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
ڈی جے پر پابندی سے متعلق آر ڈی او کے احکامات کی نقول تمام اُتسو کمیٹی ارکان کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
آخر میں ایس پی یوگیش گوتم نے عوام، نوجوانوں، تہوار منتظمین اور کمیٹی ارکان سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے مکمل تعاون کریں اور تہواروں کو روایتی اور پرامن انداز میں منائیں تاکہ نارائن پیٹ ضلع ریاست تلنگانہ میں ایک مثالی ضلع کے طور پر ابھر سکے۔
اس اجلاس میں گنیش اتسو منتظمین کی تجاویز اور آراء بھی سنی گئیں، جن پر عمل درآمد کا وعدہ کیا گیا۔ ایس پی نے سبھی سے پرامن گنیش تہوار کے انعقاد کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ایم ڈی ریاض الحق، ڈی ایس پی این لنگیا، سی آئیز شیوا شنکر، سب انسپکٹرز رگھویر یادو، گندے چندر کانت، نندو ناموجی، کن شیو کمار، مرلی بھٹڈ، رگھورامیا گوڈ، پروین، شروَن اور نارائن پیٹ و ماریکل سرکلز کے دیگر گنیش اتسو منتظمین موجود تھے۔