تلنگانہ

چیف منسٹر کی مبارکباد

نمس کے یورولوجی شعبہ نے اب تک 2,000 گردوں کی پیوند کاری کی۔ گردہ کے پیوندکاری کے معاملہ میں نمس جنوبی ہند میں پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے۔

حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) کڈنی(گردہ) ٹرانسپلانٹ کے شعبہ میں نایاب سنگِ میل حاصل کرنے والی نمس کی طبی ٹیم کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ حیدرآباد کے نمس نے گردہ ٹرانسپلانٹ کے میدان میں ملک بھر میں ایک اہم ریکارڈ قائم کیا ہے۔

نمس کے یورولوجی شعبہ نے اب تک 2,000 گردوں کی پیوند کاری کی۔ گردہ کے پیوندکاری کے معاملہ میں نمس جنوبی ہند میں پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ملک بھر میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے شعبہ میں گجرات کا انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیسیزز اینڈ ریسرچ سنٹرپہلے مقام پر برقرار ہے جبکہ لدھیانہ کا کرسچن میڈیکل کالج دوسرے مقام پر ہے۔

نمس نے اس فہرست میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس سنگِ میل کو حاصل کرتے ہوئے گردہ کے مریضوں کو نمایاں خدمات انجام دینے والی نمس کی طبی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ 2,000 مریضوں میں سے 1,900 مریضوں یعنی تقریباً 95 فیصد افراد نے راجیو آروگیہ شری اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے تحت مفت گردہ ٹرانسپلانٹ کروایا، جو ایک اہم کارنامہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوری 2023 سے گزشتہ تین سال چار ماہ کے دوران ہی نمس نے 500 گردہ ٹرانسپلانٹس انجام دے کر ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے۔