تلنگانہ

روپوش نوہیرا شیخ آخر کار گروگرام سے گرفتار، حیدرآباد منتقل

۔ ہریانہ پولیس اور ای ڈی کی مشترکہ کارروائی میں نوہیرا شیخ کو جمعرات کے روز گروگرام سے گرفتارکیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ، فرضی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے فرضی شناخت کے ذریعہ شہر میں مقیم تھیں۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے حیدرآباد کے مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کیس سے مربوط ہیرا گروپ کی کلیدی ملزمہ نوہیرا شیخ کو گروگرام سے گرفتار کرلیا ہے۔

حکام نے جمعہ کے روز یہ بات بتائی۔ ہریانہ پولیس اور ای ڈی کی مشترکہ کارروائی میں نوہیرا شیخ کو جمعرات کے روز گروگرام سے گرفتارکیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ، فرضی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے فرضی شناخت کے ذریعہ شہر میں مقیم تھیں۔

ملزمہ کو آج حیدرآباد لایاگیا اور انہیں، منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے حالیہ دنوں ضمانت کی منسوخی کے بعد وہ تفتیشی عمل سے فرار تھیں۔

حیدرآباد کی پی ایم ایل اے خصوصی عدالت نے 7 مئی کو نوہیرا شیخ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا کیونکہ وہ حیدرآباد کے پتہ پر دستیاب نہیں تھیں۔

حکام نے بتایاکہ انٹلیجنس اطلاعات سے معلوم ہوا ملزمہ، گروگرام میں رہ رہی تھیں۔ شیخ، ہیرا گروپ آف کمپنیز اور دیگر پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے سالانہ 36 فیصد منافع دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام سے 5978 کروڑ روپئے وصول کئے۔