کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ: اتم کمار ریڈی
وزیر آبپاشی و سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ بی آر ایس اور حکومت میں کالیشورم پروجکٹ کے تعمیر کاموں میں بدعنوانیوں کے الزامات کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔
حیدرآباد: وزیر آبپاشی و سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ بی آر ایس اور حکومت میں کالیشورم پروجکٹ کے تعمیر کاموں میں بدعنوانیوں کے الزامات کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔
وہ آج جل سودھا میں زیرتعمیر آبپاشی پراجکٹس سے متعلق عہدیداروں کے ساتھ جائزہ کے بعد میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم مرکز کے ساتھ پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر بات کریں گے۔
انہوں نے زیر التواء پروجکٹس کو مکمل کرنے کا عزم کا اظہار کیا اور کہاکہ ان کی حکومت ریاست بھر میں 40 ہزار اور تالابوں کے تحفظ اور ان کے دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرے گی۔ ہم کالیشورم پروجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کے الزامات کی تحقیقات کروائیں گے۔
اس سلسلہ میں ہم نے متعلقہ عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی ہیں‘ کیونکہ یہ عوام کی دولت سے تعمیر کیاگیا ہے‘ جس نے بھی کالیشورم پروجکٹ کا ڈیزائن تیار کیا ہے‘ انہیں اپنی ذمہ داری اور جوابدہی دینا ہوگا۔ تمڈی پٹی پروجیکٹس کی تعمیر سے متعلق اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے بات کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔
ایس ایل پی سی پروجکٹ کی تکمیل سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے درکار رقم کا تخمینہ کریں گے اس کے بعد کابینہ میں غور کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ قبل ازیں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے جل سودھا میں محکمہ آبپاشی کے زیر تعمیر پروجکٹس کا جائزہ لیا۔
جائزہ اجلاس میں انجینئرنگ انچیف مرلیدھرن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیرآبپاشی نے کالیشورم پروجکٹ پالمورو رنگاریڈی‘ سری رام ساگر و دیگر پراجکٹس کے تعمیری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیدار کو ہدایت دی کہ آبپاشی پروجیکٹس کی تعمیر و دیگر امور میں مکمل شفافیت ہونی چاہئے اور جوابدہی کے احساس کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔
آبپاشی پروجیکٹس عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تعمیر کئے جاتے ہیں۔۔ ہمیں اس بات کو ذہن نشین رکھنا چاہئے کہ تلنگانہ میں پانی کی سربراہی کا شعبہ بہت اہم ہے۔پانی کی سربراہی کے کاموں میں تیسرے فریق کے تنقیح کی ذمہ داری سونپنی چاہئے اور عوام میں پانی کی سربراہی کے شعبہ میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر آبپاشی نے بجلی کی تیاری کے لئے استعمال کئے جانے والے پانی کی مقدار کے بارے میں بھی عہدیداروں سے دریافت کیا۔ واضح رہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں ایک لاکھ کروڑ کے اسکام میں سابق چیف منسٹر کے سی آر اور ان کی حکومت پر ملوث ہونے کا کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا تھا اور انتخابات میں کالیشورم پروجیکٹ میں بدعنوانیوں کو اہم موضوع بنایاگیا۔