اردو صحافیوں کے لیے منڈل سطح پر اکریڈیٹیشن کارڈس کا مطالبہ، کمشنر مکندر ریڈی سے نمائندہ وفد کی ملاقات
ملاقات کے دوران وفد نے اردو صحافتی برادری کو درپیش مختلف مسائل اور اہم مطالبات تفصیل کے ساتھ پیش کیے۔ وفد نے زور دیا کہ اردو کے بڑے اخبارات کو منڈل سطح پر بھی اکریڈیٹیشن کارڈس جاری کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کو سرکاری شناخت حاصل ہو اور وہ بنیادی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔
حیدرآباد: Telangana Urdu Working Journalists Union کے ایک وفد نے ریاستی صدر ڈاکٹر خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری کی قیادت میں Information and Public Relations Department Telangana کے اسپیشل کمشنر مکندر ریڈی سے خیرسگالی ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے اردو صحافتی برادری کو درپیش مختلف مسائل اور اہم مطالبات تفصیل کے ساتھ پیش کیے۔ وفد نے زور دیا کہ اردو کے بڑے اخبارات کو منڈل سطح پر بھی اکریڈیٹیشن کارڈس جاری کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کو سرکاری شناخت حاصل ہو اور وہ بنیادی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔
اس کے علاوہ، وفد نے مطالبہ کیا کہ چھوٹے اخبارات کو سابقہ روایت کے مطابق سرکاری اشتہارات کی فراہمی جاری رکھی جائے اور ان کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام زبانوں کے اخبارات کے ساتھ بلا امتیاز یکساں سلوک کیا جائے اور اردو صحافت کو بھی مساوی اہمیت دی جائے۔
وفد نے کہا کہ اردو اخبارات عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی سرپرستی ناگزیر ہے۔ مزید برآں، Audit Bureau of Circulations (اے بی سی) سرٹیفکیٹ کے حوالے سے پائی جانے والی عدم مساوات کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا، اور کہا گیا کہ یا تو اس شرط کو تمام زبانوں پر یکساں نافذ کیا جائے یا مکمل طور پر ختم کیا جائے۔
اس موقع پر کمشنر مکندر ریڈی نے وفد کی جانب سے پیش کردہ نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
وفد میں ڈاکٹر ساجد معراج، محمد رئیس الدین، ایڈوکیٹ جمال شریف، عابد فیصل، نعیم الدین اور عبدالمنان رضی سمیت دیگر ذمہ داران شامل تھے۔