سوشیل میڈیاقومی
ٹرینڈنگ

پسند کی شادی کا دردناک انجام: نوجوان کو سڑک پر لہو لہان کر دیا گیا، خوفناک ویڈیو وائرل

بتایا جا رہا ہے کہ جان عالم نے پڑوس کے محلہ کی ایک لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کی وجہ سے لڑکی کے افراد خاندان اور مقامی نوجوان اس سے شدید ناراض تھے۔

امروہا، اترپردیش: اترپردیش کے ضلع امروہا میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان کو سرِ عام سڑک پر لوہے کی راڈ سے لہو لہان کر دیا گیا۔ حملے کی وجہ ‘لو افیئر’ اور پسند کی شادی بتائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور سڑک پر گرے ہوئے بے ہوش نوجوان پر پوری طاقت سے لوہے کی راڈ برسا رہا ہے، جبکہ راہگیر خاموش تماشائی بنے رہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ: چھ ماہ بعد کنویں سے خاتون کی لاش برآمد
یوٹیوبر بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کر دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج نے پول کھول دی

یہ واقعہ امروہا نگر کوتوالی کے قریب بیجنور روڈ پر پیش آیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت جان عالم ولد مبین پاشا کے طور پر ہوئی ہے، جو نئی بستی کا رہائشی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ جان عالم نے پڑوس کے محلہ کی ایک لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کی وجہ سے لڑکی کے افراد خاندان اور مقامی نوجوان اس سے شدید ناراض تھے۔

چہارشنبہ کی رات جب جان عالم سڑک پر گرا ہوا تھا، تبھی حملہ آور نے لوہے کی راڈ سے اس پر یکے بعد دیگرے کئی وار کیے۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ جب یہ ہولناک منظر پیش آ رہا تھا، وہاں سے گزرنے والے لوگوں نے مداخلت کرنے کے بجائے صرف ویڈیوز بنائیں۔ کار سوار راہگیروں نے اس پوری واردات کو اپنے موبائل میں قید کر لیا، جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

متاثرہ نوجوان کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ والد نے سات افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مفرور ملزمین کی گرفتاری کیلئے پولیس مصروف ہے۔