سیاست

امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ، بی جے پی دفتر کے باہر ہنگامہ

مظاہرین نے ریاستی بی جے پی دفتر کو سیاہ رنگ سے رنگ دیا اور دفتر کے سامنے امیت شاہ کا پتلا اور بی جے پی کا پرچم نذرِ آتش کیا۔

حیدرآباد : تلنگانہ پردیش یوتھ کانگریس کے صدر شیوا چرن ریڈی کی قیادت میں یوتھ کانگریس قائدین نے بی جے پی کے ریاستی دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔

یوتھ کانگریس قائدین نے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔ احتجاجی قائدین نے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ بی جے پی کے مبینہ رویے اور طلبہ پر پیلیٹ گنز کے استعمال کے واقعہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔

بی جے پی کے طرزِ عمل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ریاستی بی جے پی دفتر کو سیاہ رنگ سے رنگ دیا اور دفتر کے سامنے امیت شاہ کا پتلا اور بی جے پی کا پرچم نذرِ آتش کیا۔

اس دوران یوتھ کانگریس کارکنوں نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف بڑے پیمانے پر نعرے بازی کی۔

پولیس نے احتجاج کو روک دیا اور یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر جکّیدی شیوا چرن ریڈی سمیت متعدد قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔