قومی

جنتر منتر پر طلباء کے مظاہرے پر پولیس کارروائی کےمعاملے پر لوک سبھا میں بحث کا مطالبہ

کانگریس کے کنیا کماری سے رکن پارلیمنٹ وجے وسنت نے لوک سبھا میں التوا کی تحریک کا نوٹس دے کر 20 جولائی کو جنترمنتر پر پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء اور پارلیمنٹ کی طرف مارچ کے دوران پولیس کے ذریعہ مبینہ طور پر حد سے زیادہ طاقت کے استعمال کے معاملے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے کنیا کماری سے رکن پارلیمنٹ وجے وسنت نے لوک سبھا میں التوا کی تحریک کا نوٹس دے کر 20 جولائی کو جنترمنتر پر پیپر لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء اور پارلیمنٹ کی طرف مارچ کے دوران پولیس کے ذریعہ مبینہ طور پر حد سے زیادہ طاقت کے استعمال کے معاملے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

التوا کی تحریک میں مسٹر وسنت نے الزام لگایا کہ احتجاجی طلباء پر سکیورٹی فورسز نے لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گولے اور پیلٹ گن کا استعمال کیا، جس سے کئی طلباء شدید زخمی ہوئے۔

انہوں نے خاتون مظاہرین کے ساتھ مبینہ مار پیٹ اور سادہ کپڑوں میں موجود اہلکاروں کے کردار پر بھی سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے اس پورے واقعے میں طاقت کے استعمال کی اجازت کس سطح پر دی گئی، اس کے لیے جوابدہی طے کرنے اور معاملے کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے زخمی طلباء کو فوری طبی امداد اور مناسب معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

مسٹر وسنت نے اپنی تجاویز میں کہا کہ پرامن احتجاج کرنا شہریوں کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے اور پرامن احتجاج کے حق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔