دہلی

ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت پر سفارتی کشیدگی، روسی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

حملے میں چار ہندوستانیوں کی دردناک موت ہوئی ہے۔ وزارت نے زور دے کر کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی سمندری تجارت کی سکیورٹی، تحفظ اور استحکام کو کمزور کرتے ہیں۔

نئی دہلی :   وزارتِ خارجہ نے ہندستان میں روس کے ناظم الامور کو طلب کر کے یوکرین میں تجارتی جہاز ایم وی گولڈن لیو پر حملے میں چار ہندوستانی ملاحوں کی موت کے معاملے کی سخت مذمت کی اور شدید احتجاج درج کرایا ہندوستان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا جانا اور ان حملوں میں بے گناہ شہریوں کی موت اس کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ وزارتِ خارجہ نے منگل کو بتایا کہ روس کے قائم مقام سفیر ولادیمیر لادانوف کو طلب کیا گیا۔

انہیں 19 جولائی کو تجارتی جہاز ایم وی گولڈن لیو پر ہوئے حملے کے سلسلے میں ہندوستان کی گہری تشویش اور واضح مذمت سے آگاہ کیا گیا۔ اس حملے میں چار ہندوستانیوں کی دردناک موت ہوئی ہے۔ وزارت نے زور دے کر کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی سمندری تجارت کی سکیورٹی، تحفظ اور استحکام کو کمزور کرتے ہیں۔

وزارت نے بتایا کہ روس کے ناظم الامور سے درخواست کی گئی کہ وہ ہندوستان کی گہری تشویش سے اپنے حکام کو آگاہ کریں کہ تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنایا جانا اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جان جانا ہندوستان کو پوری طرح ناقابلِ قبول ہے اور اس سے بچا جانا چاہیے۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس جہاز پر یہ حملہ روس کی جانب سے یوکرین کی ایک بندرگاہ پر اتوار کو اس وقت کیا گیا جب یہ جہاز وہاں سے باہر نکل رہا تھا۔ اس حملے میں چار ہندوستانی ملاحوں کی موت ہو گئی۔