انڈونیشیا میں اژدھے نے خاتون کو زندہ نگل لیا (ویڈیو)
رپورٹ میں بتایا گیا ہے خاتون کے لاپتہ ہونے کی اطلاع اس کے شوہر نے دی تھی۔ خاتون کی عمر 54 برس بتائی گئی ہے اور اس کا نام جہرہ بتایا جاتا ہے۔ وہ گذشتہ اتوار کو لاپتہ ہو گئی تھی۔
جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک 22 فیٹ لمبا اژدھا، خاتون کو زندہ نگل گیا۔ دل دہلا دینے والے واقعہ کا اس وقت علم ہوا جب اژدھے کا پیٹ چیرا گیا تو اس میں سے خاتون کی لاش صحیح سالم حالت میں برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے خاتون کے لاپتہ ہونے کی اطلاع اس کے شوہر نے دی تھی۔ خاتون کی عمر 54 برس بتائی گئی ہے اور اس کا نام جہرہ بتایا جاتا ہے۔ وہ گذشتہ اتوار کو لاپتہ ہو گئی تھی۔
دراصل جہرہ ربڑ کے باغ میں کام کرنے گئی تھی لیکن جب وہ گھر واپس نہیں آئی تو اس کے شوہر نے پولیس کو اس کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ پولیس کی ٹیم جب اس کی تلاش میں نکلی تو اس کے شوہر کو پہلے اپنی بیوی کے سینڈل ملے اور اس کے بعد ایک چاقو اور ایک اسکارف دستیاب ہوا جو اس کی بیوی جہرہ کا تھا۔
پولیس نے اطلاع دی کہ اس کے بعد جہرہ کی لاش ایک اژدھے کے پیٹ کے اندر سے ملی۔
تلاشی کے دوران ٹیم کو ایک 7 میٹر (22 فیٹ) لمبا اژدھا دکھائی دیا جس پر خاتون کا شکار کرنے کا شبہ ہوا کیونکہ اس کا پیٹ کافی پھولا ہوا تھا۔ اس کے بعد ٹیم نے فوری طور پر اسے پکڑ لیا اور جب اسے مار کر اس کا پیٹ چیرا تو اس میں خاتون صحیح سالم حالت میں دستیاب ہوئی تاہم وہ مرچکی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ پہلے اژدھے نے خاتون کا شکار کیا اور اس کے بعد اسے نگل گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر زہریلے اژدھے عام طور پر انسانوں پر حملہ نہیں کرتے۔ اس کے بجائے وہ چھوٹے جانوروں کو کھانا پسند کرتے ہیں لیکن کبھی کبھار، انسان بھی ان کا شکار بن جاتے ہیں۔
سانپوں کے تحفظ کے ماہر ناتھن رسلی نے بتایا کہ سماترا صوبے میں رہنے والا یہ واحد رینگنے والا جانور ہے جو ایک بالغ انسان کو نگل سکتا ہے۔