بین الاقوامی

جیل جانے کے خوف سے زندہ شخص نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا

چین کے صوبہ ہینان میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمہ میں گرفتار ہونے کے خوف سے ایک شخص نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا۔ اس نے پولیس سے بچنے کے لیے تابوت خریدا، گھر میں خالی دوا کی بوتلیں بکھیر دیں اور خود کو مردہ ظاہر کیا۔

بیجنگ: چین کے صوبہ ہینان میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمہ میں گرفتار ہونے کے خوف سے ایک شخص نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا۔ اس نے پولیس سے بچنے کے لیے تابوت خریدا، گھر میں خالی دوا کی بوتلیں بکھیر دیں اور خود کو مردہ ظاہر کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق "سی” (Si) نامی شخص اس سے قبل بھی دو مرتبہ نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑا جا چکا تھا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد اسے خدشہ تھا کہ دوبارہ سزا ہونے کی صورت میں اسے جیل جانا پڑے گا، اسی لئے اس نے اپنی فرضی موت کی منصوبہ بندی کی۔

اس نے مبینہ طور پر زائد مقدار میں دوا کھانے کا ڈرامہ کیا، گھر میں خالی بوتلیں پھیلا دیں اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کولنگ آلات استعمال کرتے ہوئے تابوت میں لیٹ گیا، تاکہ سب کو یقین ہو جائے کہ اس کی موت ہو چکی ہے۔ بعد ازاں اس کی والدہ اور دادی نے بھی اس کی تدفین کا ڈرامہ رچایا، جبکہ وہ خفیہ طور پر جنوب مغربی چین کے صوبہ یونان فرار ہوگیا۔

پولیس جب تحقیقات کے لیے پہنچی تو نہ کوئی میڈیکل رپورٹ ملی اور نہ ہی موت کا سرکاری سرٹیفکیٹ، جس پر شک پیدا ہوا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور بینک ریکارڈ کی جانچ کے بعد حقیقت سامنے آگئی اور پولیس نے یونان سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

عدالت نے پولیس کو گمراہ کرنے اور قانون سے فرار ہونے کی کوشش پر ملزم کو پانچ ماہ قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ اس کی والدہ اور دادی کے خلاف بھی پولیس کو گمراہ کرنے کے الزام میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔