سابقہ عاشق انتہائی خوفناک قدم، محبوبہ کو قتل کرنے کے بعد کرلی خودکشی
بتایا جا رہا ہے کہ جب ساحل کو ویشنوی کی شادی طے ہونے کی اطلاع ملی تو وہ مشتعل ہو گیا۔ وہ یوت مال سے تقریباً 516 کلومیٹر کا سفر طے کرکے ناسک پہنچا اور مسلسل ویشنوی پر شادی توڑنے کے لیے دباؤ ڈالتا رہا۔
ناسک: مہاراشٹر کے شہر ناسک میں قتل اور خودکشی کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے اپنی سابقہ محبوبہ کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے بعد خود بھی خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ناسک کے اندرا نگر علاقے میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت 26 سالہ ساحل اشوک لوہوارےکے طور پر ہوئی ہے، جبکہ مقتولہ کا نام ویشنوی بتایا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ساحل اور ویشنوی پہلے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور یوت مال ضلع کے عمرکھیڑ میں کچھ عرصہ لیو اِن ریلیشن شپ میں بھی رہے تھے۔ بعد ازاں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی، جس کے بعد ویشنوی تعلیم کے لیے ناسک منتقل ہو گئی اور ایک پیئنگ گیسٹ رہائش گاہ میں رہنے لگی۔
اسی دوران ویشنوی کے اہل خانہ نے ناسک میں ملازمت کرنے والے ایک نوجوان سے اس کی منگنی طے کر دی۔ پولیس کے مطابق ویشنوی نے اپنے منگیتر کو اپنے ماضی کے تعلقات کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ جب ساحل کو ویشنوی کی شادی طے ہونے کی اطلاع ملی تو وہ مشتعل ہو گیا۔ وہ یوت مال سے تقریباً 516 کلومیٹر کا سفر طے کرکے ناسک پہنچا اور مسلسل ویشنوی پر شادی توڑنے کے لیے دباؤ ڈالتا رہا۔
جمعہ کی رات ساحل نے ویشنوی کو بات چیت کے بہانے ون سمپدا گارڈن کے قریب بلایا، جہاں دونوں کے درمیان تلخ بحث ہوئی۔ اسی دوران ساحل نے ویشنوی کے منگیتر کو فون کر دیا تاکہ وہ ان کی گفتگو سن سکے۔
پولیس کے مطابق جب ویشنوی نے اس کی بات ماننے سے انکار کر دیا تو ساحل نے غصے میں آ کر اس پر چاقو سے متعدد وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
قتل کے بعد ساحل نے مبینہ طور پر ویشنوی کے منگیتر کو فون کر کے کہا، "ویشو ختم ہو گئی، میں نے آج اسے مار دیا۔ تم کہاں ہو اور یہاں پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا؟”
منگیتر فوری طور پر موقع پر پہنچا، لیکن اس وقت تک ویشنوی کی موت ہو چکی تھی، جبکہ ملزم وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔
واقعے کے تقریباً دو گھنٹے بعد پولیس کو ایک نوجوان کی لاش پھندے سے لٹکی ہونے کی اطلاع ملی۔ تحقیقات میں اس کی شناخت ساحل کے طور پر ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ محبوبہ کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے خودکشی کر لی۔
پولیس نے مقتولہ کے منگیتر کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔