کھیل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

ورلڈ کپ کے مقابلے میں اس بار مجموعی انعامی فنڈ میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے

نیویارک : فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ثابت ہو رہا ہے، جس میں ٹیموں، میچوں اور مجموعی آمدنی کے ساتھ ساتھ انعامی رقم میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں اس بار مجموعی انعامی فنڈ میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں فاتح ٹیم کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔

تیسرے نمبر کے پلے آف میں فرانس کو 6-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں، جن میں ناروے، بیلجیم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، کو فی ٹیم ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

نویں سے سولہویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر، سترہویں سے بتیسویں پوزیشن تک کی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر، جبکہ 33ویں سے 48ویں پوزیشن تک رہنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی۔

فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2022 کے ورلڈ کپ کی فاتح ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 کے عالمی چیمپئن فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی گئی تھی۔