عراق میں آئی ایس کے حملے میں پانچ افراد ہلاک
عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع صوبہ صلاح الدین میں پیر کو اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے جنگجووں کے حملے میں ایک فوجی افسر اور چار فوجی جاں بحق اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔

بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع صوبہ صلاح الدین میں پیر کو اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے جنگجووں کے حملے میں ایک فوجی افسر اور چار فوجی جاں بحق اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔
صوبائی پولیس کے ایک ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔
صوبائی پولیس کمانڈ کے میڈیا آفس کے محمد البازی نے بتایا کہ حملہ شام کے وقت ہوا جب عسکریت پسندوں نے صوبے کے مشرقی حصے کے دشوارگزار ناہموار علاقے میں فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔ حملے کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جھڑپ میں ایک رجمنٹ کمانڈر اور چار فوجی ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔
عراقی وزارت دفاع سے منسلک انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے بھی پیر کو ایک بیان میں بغداد سے 40 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر لطیفیہ میں آئی ایس کے ایک جنگجو کی گرفتاری کا اعلان کیا۔