چندرائن گٹہ میں فوڈ سیفٹی کی کارروائی، غیر معیاری فاسٹ فوڈ پر دو مقدمات درج
حکام کے مطابق معائنے کے دوران غیر صحت بخش ماحول میں کھانا تیار کیا جا رہا تھا، بار بار استعمال شدہ کھانے کے تیل، مصنوعی رنگوں کا استعمال، پیسٹ کنٹرول کے ریکارڈ کی عدم موجودگی اور صفائی کے مقررہ معیار پر عمل نہ کرنے جیسی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
حیدرآباد: حیدرآباد فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیم (H-FAST) نے جی ایچ ایم سی کے فوڈ سیفٹی افسر کے ساتھ مل کر چندرائن گٹہ کے فاسٹ فوڈ مراکز پر خصوصی کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا۔
کارروائی کے دوران المدینہ چائنیز فاسٹ فوڈ سینٹر اور عمر چائنیز فاسٹ فوڈ سینٹر کا معائنہ کیا گیا، جہاں مختلف بے ضابطگیاں سامنے آنے پر دو مقدمات درج کیے گئے اور تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق معائنے کے دوران غیر صحت بخش ماحول میں کھانا تیار کیا جا رہا تھا، بار بار استعمال شدہ کھانے کے تیل، مصنوعی رنگوں کا استعمال، پیسٹ کنٹرول کے ریکارڈ کی عدم موجودگی اور صفائی کے مقررہ معیار پر عمل نہ کرنے جیسی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
کارروائی کے دوران ٹیم نے 20 لیٹر استعمال شدہ کوکنگ آئل، 10 لیٹر تازہ کوکنگ آئل، تقریباً 40 کلو فرائیڈ چکن، 40 کلو مصنوعی رنگ ملا ہوا کچا چکن اور مصنوعی و کیمیائی فوڈ کلر کے تین ڈبے اور چھ پیکٹ ضبط کیے۔
ضبط شدہ تمام اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
حکام نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف ایسی کارروائیاں آئندہ بھی مسلسل جاری رہیں گی۔