تلنگانہ میں فوڈ سیفٹی کی کارروائی، 20 ریسٹورنٹس کا معائنہ، 9 لائسنس معطل
حکام کے مطابق مختلف مقامات پر مکھیاں، کاکروچ، چوہے اور چوہوں کا فضلہ پایا گیا۔ اس کے علاوہ میعاد ختم ہوچکی غذائی اشیا، خراب اور آلودہ سبزیاں، جبکہ کچی اور پکی ہوئی غذا کو مناسب طریقے سے ذخیرہ نہ کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے میدک، کاماریڈی اور نظام آباد اضلاع میں TG SAFE کی انفورسمنٹ ٹیموں نے خصوصی فوڈ سیفٹی مہم کے تحت 20 ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا، جہاں حفظان صحت اور غذائی سلامتی سے متعلق متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
حکام کے مطابق مختلف مقامات پر مکھیاں، کاکروچ، چوہے اور چوہوں کا فضلہ پایا گیا۔ اس کے علاوہ میعاد ختم ہوچکی غذائی اشیا، خراب اور آلودہ سبزیاں، جبکہ کچی اور پکی ہوئی غذا کو مناسب طریقے سے ذخیرہ نہ کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
کئی ریسٹورنٹس کے کچن میں فریج کی صفائی ناقص پائی گئی، جبکہ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے اور گندے برتنوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ بعض کچن میں چکنائی سے بھرے ایگزاسٹ اور چمنیاں، اکھڑی ہوئی دیواریں اور چھتیں، نیز خراب اور گیلی فرشیں پائی گئیں۔
فوڈ ہینڈلرز کی جانب سے ذاتی حفظان صحت کے مطلوبہ اصولوں پر عمل نہ کرنے کی بھی نشاندہی کی گئی۔ حکام نے کھانے کی اشیا کی لیبلنگ، پیسٹ کنٹرول ریکارڈ اور کارکنوں کے صحت سے متعلق ریکارڈ میں بھی خامیاں پائیں۔
معائنے کے دوران ملاوٹ کے شبہ میں 21 فوڈ سیمپلز بھی حاصل کیے گئے، جنہیں مزید جانچ کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ ان کے معیار اور غذائی تحفظ کے ضوابط سے مطابقت کا پتہ چلایا جاسکے۔
کارروائی کے بعد 9 فوڈ کاروباری اداروں کے FSSAI لائسنس معطل کردیئے گئے اور انہیں فوری طور پر کاروباری سرگرمیاں روکنے کی ہدایت دی گئی۔
حکام کے مطابق مزید 5 ریسٹورنٹس کو امپروومنٹ نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ 6 اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے خلاف ورزیوں کے مطابق جرمانے سمیت مزید کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے اور عوام کو محفوظ و معیاری غذا کی فراہمی کے مقصد سے ریاست بھر میں اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔