تلنگانہ میں (SDPI) کے ریاستی دفتر کا باقاعدہ افتتاح
ایس ڈی پی آئی کے نظریات، پالیسیوں اور عوامی خدمت کے مشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم مرکز ثابت ہوگا
حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) : سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے تلنگانہ ریاستی دفتر کا افتتاح آج ماسب ٹینک، حیدرآباد میں پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری نے انجام دیا۔ اس موقع پر پارٹی کی قومی کمیٹی کے اراکین حافظ عطاء اللہ خان اور محترمہ شیبا منائی، تلنگانہ ریاستی صدر ، ریاستی کمیٹی کے اراکین، پارٹی کارکنان، حامیان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاض فرنگی پیٹے نے کہا کہ نیا ریاستی دفتر عوامی مسائل کے حل، پارٹی کی تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے اور ایس ڈی پی آئی کے نظریات، پالیسیوں اور عوامی خدمت کے مشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم مرکز ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی تلنگانہ کے عوام کی ترقی، فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر دیگر قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، سماجی انصاف، مساوی ترقی، دستور ہند کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایس ڈی پی آئی معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تلنگانہ ریاستی صدر سید منصور شاہ نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں، پارٹی قائدین، کارکنان، حامیوں اور خیرخواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیا ریاستی دفتر تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مستحکم کرے گا اور عوامی خدمت، جوابدہی اور دیانت داری کے ساتھ کام کرنے کے عزم کو مزید تقویت دے گا۔