اقلیتی امیدواروں کے لیے مفت یو پی ایس سی کوچنگ، درخواستوں کی آخری تاریخ 31 مئی
اقلیتی نوجوانوں کو ملک کی اعلیٰ ترین سرکاری خدمات میں شامل ہونے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی طلبہ کے لیے مفت یو پی ایس سی (سیول سرویسس) کوچنگ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
محبوب نگر: اقلیتی نوجوانوں کو ملک کی اعلیٰ ترین سرکاری خدمات میں شامل ہونے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی طلبہ کے لیے مفت یو پی ایس سی (سیول سرویسس) کوچنگ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
یہ بات ضلع اقلیتی بہبود آفیسر محبوب نگر محمد عبدالقیوم نے ایک پریس نوٹ میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چلنے والے تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل، حیدرآباد کی جانب سے ہر سال 100 اقلیتی طلبہ کو آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، آئی آر ایس اور دیگر مرکزی خدمات کے امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی سال 2026-27 کے لیے بھی کوچنگ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے اہل طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔
محمد عبدالقیوم کے مطابق کوچنگ کے دوران طلبہ کو یو پی ایس سی پریلیمنری اور مینس امتحانات کے لیے ماہر اور تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں موثر تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جدید سہولیات جیسے ڈیجیٹل کلاس رومس، لائبریری، انٹرنیٹ اور وائی فائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کے قیام کی سہولت پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار کا تعلق ریاست تلنگانہ اور اقلیتی طبقہ سے ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کسی بھی گروپ میں گریجویشن مکمل کر چکا ہو اور والدین یا سرپرست کی سالانہ آمدنی پانچ لاکھ روپے سے زیادہ نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خواتین کے لیے 33.33 فیصد جبکہ معذور افراد کے لیے 5 فیصد نشستیں محفوظ رکھی گئی ہیں۔
آن لائن درخواست داخل کرنے کی تاریخ 7 مئی 2026 سے 31 مئی 2026 تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسکریننگ ٹیسٹ 14 جون 2026 بروز اتوار ٹمریز اسکول بوائز-2، نیو ٹاؤن محبوب نگر میں منعقد ہوگا۔
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے اقلیتی نوجوانوں، تنظیموں، اداروں اور سوسائٹیوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ طلبہ میں شعور بیدار کریں تاکہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
امیدوار آن لائن ویب سائٹ https://cet.cgg.gov.in/tmreis پر درخواست داخل کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے فون نمبر 04023236112 یا ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، کمرہ نمبر 205، آئی ڈی او سی، کلکٹریٹ کمپلیکس، محبوب نگر سے دفتری اوقات میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔