گائے، بچھڑوں اور اونٹ کی قربانی غیرقانونی: کپل مشرا
مشرا نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 28 مئی کو تہوار کے دوران تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔

نئی دہلی(پی ٹی آئی) عیدالاضحی سے چند دن قبل دہلی کے وزیر ترقیات کپل مشرا نے کہاہے کہ شہر میں گائے‘ بچھڑے‘ اونٹ اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی پوری طرح غیرقانونی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر فوجداری کیس درج ہوگا۔
مشرا نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 28 مئی کو تہوار کے دوران تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔ غیرقانونی قربانی کرنے والے کسی بھی شخص کو فوجداری مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ سڑکوں اور گلیوں کے بشمول عام مقامات پر قربانی سختی سے منع ہے۔ بازاروں‘ سڑکوں اور گلیوں میں جانوروں کی غیرقانونی خریدو فروخت کی بھی اجازت نہیں ہے۔
لوگوں کو چاہئے کہ وہ جانوروں کا خون اور فضلہ سڑکوں پر یا موریوں‘ ڈرینج لائنس اور گٹرس میں نہ بہائیں۔ مشرا نے لوگوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ قاعدہ قانون میں رہ کر پرامن عید منائیں۔