غزہ ملبے سے ایک ہی خاندان کے 112 افراد کی لاشیں نکالنے کا دعویٰ
امدادی کارکنوں نے 136 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہوئے ملبے سے 112 لاشیں اور انسانی باقیات برآمد کیں، جن میں 40 بچے، 38 خواتین اور 7 معذور افراد شامل ہیں۔
غزہ : غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی علاقے صبرہ میں ایک طویل امدادی کارروائی کے دوران ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 112 افراد کی لاشیں اور انسانی باقیات ملبے سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ درجنوں مزید افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق امدادی ٹیموں نے تقریباً دو ہفتے قبل الحساینہ خاندان کے رہائشی بلاک میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ ان کے بقول یہ عمارت اسرائیلی حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے 136 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہوئے ملبے سے 112 لاشیں اور انسانی باقیات برآمد کیں، جن میں 40 بچے، 38 خواتین اور 7 معذور افراد شامل ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے نگران کرنل محمد ابو دان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ مزید 157 لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، تاہم محدود وسائل اور بھاری مشینری کی عدم دستیابی کے باعث انہیں نکالنا ممکن نہیں ہو سکا۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی مقامات پر کارکنوں نے اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر لاشوں تک رسائی حاصل کی۔
کرنل محمد ابو دان کے مطابق بعض لاشیں کنکریٹ اور سریے کے نیچے بری طرح دبی ہوئی تھیں، جبکہ کئی انسانی باقیات شدید تباہی کے باعث شناخت کے قابل نہیں رہیں۔
انہوں نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں بھاری مشینری، ریسکیو آلات اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کا عمل جاری رکھا جا سکے۔