تلنگانہ

تلنگانہ حکومت 18,766 پٹرول اور ڈیزل آٹوز کو برقی گاڑیوں میں تبدیل کرے گی

تلنگانہ حکومت نے کور اربن ریجن اکانومی (سی یو آر ای) علاقے میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والے آٹو رکشوں کو برقی گاڑیوں میں تبدیل کرنے کے لیے تلنگانہ آٹو رکشا الیکٹرک کنورژن اسکیم-2026 تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے یہ اطلاع دی۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کور اربن ریجن اکانومی (سی یو آر ای) علاقے میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والے آٹو رکشوں کو برقی گاڑیوں میں تبدیل کرنے کے لیے تلنگانہ آٹو رکشا الیکٹرک کنورژن اسکیم-2026 تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے یہ اطلاع دی۔


انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ رائزنگ ویژن-2047 سے ہم آہنگ اس اسکیم کے تحت 18,766 اہل آٹو رکشوں کو شامل کیا جائے گا، جن میں 11,254 ڈیزل اور 7,512 پٹرول سے چلنے والے آٹو شامل ہیں۔ حکومت موجودہ آٹو رکشوں میں AIS-123 سے منظور شدہ الیکٹرک کٹس لگانے یا نئے فیکٹری ساختہ برقی مسافر تھری وہیلر خریدنے کے لیے زیادہ سے زیادہ 1.50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کرے گی۔


ریٹروفٹ یعنی موجودہ آٹو کو برقی گاڑی میں تبدیل کرنے کے اختیار کے تحت مستفیدین فکسڈ یا تبدیل کی جا سکنے والی بیٹری سسٹم میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ نئے برقی آٹو رکشے خریدنے والوں کو 1.50 لاکھ روپے کی مقررہ سبسڈی دی جائے گی، جسے حکومت کی جانب سے نامزد ڈیلر گاڑی کی آن روڈ قیمت میں سے پہلے ہی کم کر دے گا۔


اس اسکیم کے لیے 200 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔ اس میں درج فہرست ذات (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، پسماندہ طبقات (بی سی) اور اقلیتی بہبود کے محکمے 50-50 کروڑ روپے کا تعاون کریں گے۔


اسکیم پر شفاف طریقے سے عمل درآمد کی نگرانی کے لیے تین سطحی نظام قائم کیا جائے گا، جس میں ریاستی سطح کی کمیٹی، اسکیم عمل درآمد کمیٹی اور ضلعی منظوری کمیٹیاں شامل ہوں گی۔


وزیر پونم پربھاکر نے اتوار کو جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد فضائی اور صوتی آلودگی کو کم کرنا، آٹو ڈرائیوروں کے ایندھن کے اخراجات گھٹانا اور حیدرآباد میں صاف ستھری اور پائیدار شہری پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور آٹو رکشا ڈرائیوروں کے معاشی مفادات کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔