تلنگانہ

رام مندر سے متعلق کانگریس کے خلاف وزیراعظم کا بیان اشتعال انگیز : جیون ریڈی

جیون ریڈی نے وزیراعظم نریندرمودی کے اس بیان کو جس میں مودی نے یہ کہاتھا کہ اگرمرکز میں کانگریس برسرِ اقتدار آئے گی تو وہ‘ایودھیا کی رام مندر پربلڈوزر چلادے گی‘ اشتعال انگیز اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی قراردیا۔

حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل وکانگریس کے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی نے وزیراعظم نریندرمودی کے اس بیان کو جس میں مودی نے یہ کہاتھا کہ اگرمرکز میں کانگریس برسرِ اقتدار آئے گی تو وہ‘ایودھیا کی رام مندر پربلڈوزر چلادے گی‘ اشتعال انگیز اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی قراردیا۔

متعلقہ خبریں
رام مندر جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ : موہن بھاگوت
بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن میں حصہ نہ لینے بی آر ایس کا فیصلہ
گاندھی خاندان کا ذاتی مکان نہیں ہے:ریونت ریڈی
چند طاقتیں عوام میں پھوٹ ڈالنے کیلئے کوشاں: ریونت ریڈی

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے فوری طور پر عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئیے۔ آج یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ 1986ء میں عدالت کے احکام کا احترام کرتے ہوئے اس وقت راجیوگاندھی نے بابری مسجد کے گیٹس کھلوائے تھے۔

اس وقت مودی کہاں تھے؟ جبکہ ویربہادرسنگھ اترپردیش کے چیف منسٹر تھے۔ راجیوگاندھی نے ہی وشواہندوپریشد کو رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کی اجازت دی تھی۔ کانگریس پارٹی فرقہ وارانہ ہم آہنگی سیکولرازم اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات وعقائد کے احترام کی پابند ہے۔

اگرراجیوگاندھی 1989ء کے انتخابات میں برسراقتدارآتے تو وہ رام مندر کی تعمیر مکمل کرواتے تھے۔ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کیلئے رام مندر کو انتخابی موضوع بنادیا۔ جس کے نتیجہ میں ملک میں مذہبی جذبات بھڑک اٹھے اور ایک دوسرے کے درمیان نفرت پھیل گئی۔

راجیوگاندھی کے دورحکومت میں دوردرشن پررامائن‘مہابھارت سیرئیل کے ٹیلی کاسٹ کا آغاز ہوا۔ بی جے پی کا یہ کہنا ہے کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد ہی رام مندر کی تعمیر کی تحریک شروع ہوئی۔ جیون ریڈی نے سوال کیاکہ بی جے پی یہ کس طرح کہہ سکتی ہے کہ وہی رام کو بھگوان مانتی ہے۔

جبکہ سری رام سب کے بھگوان ہیں۔ سیاسی مفادات کیلئے بھگوان رام کا استحصال کرنا‘ ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرنے کے برابر ہے۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی اصل ذمہ دار سپریم کورٹ ہے۔ عدالتِ عظمی کے فیصلہ کے بعد ہی مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی۔ میڈیا اس بات کو بی جے پی کے حق میں بڑھاچڑھا کرپیش کررہا ہے۔

سیکولرازم کا مطلب سب کے جذبات کا احترام کرنا ہے۔ جس پر کانگریس کا ایقان ہے اور اس پروہ ابتداء ہی سے پابندعمل ہے۔ آج مودی اور بی جے پی قائدین سیاسی مفادات کیلئے غلط بیانی کرتے ہوئے معصوم عوام کوورغلارہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی شدید مذمت کرتی ہے۔