جموں و کشمیر

وادی کشمیر میں جمعۃ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات کا انعقاد

جمعۃ الوداع کے اجتماع میں شریک ہونے کے لئے حضرت بل میں لوگوں کا اژدھام امڈ آیا تھا جس سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تاحد نگاہ لوگ صفوں میں بیٹھ کر بار گاہ الٰہی میں اشک بار آنکھوں سے ماہ مبارک رمضان کو وداع کر رہے تھے اور امن و خوشحالی کے لئے دست بدعا تھے۔

سری نگر: وادی کشمیر کی جامع مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعۃ الوداع کے موقع پر عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں فرزندان توحید نے انتہائی انکساری اور اشک بار آنکھوں سے ماہ بارک رمضان کو وداع کیا اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جس میں وادی کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے نماز ادا کی اور خصوصی دعائیں مانگی۔

متعلقہ خبریں
رمضان میں وادی کشمیر میں مہنگائی کا جن قابوسے باہر
بھٹی وکرامارکہ نے دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لیا
متحدہ عرب امارات میں رمضان میں 4 ہزار اشیا پر 25 سے 75 فیصد رعایت ہوگی
نماز تراویح کے لیے حفاظ کرام کا انتظام
رمضان میں مسجداقصیٰ کیلئے اسرائیل کی نئی پابندیاں

یو این آئی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ جمعۃ الوداع کے اجتماع میں شریک ہونے کے لئے حضرت بل میں لوگوں کا اژدھام امڈ آیا تھا جس سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تاحد نگاہ لوگ صفوں میں بیٹھ کر بار گاہ الٰہی میں اشک بار آنکھوں سے ماہ مبارک رمضان کو وداع کر رہے تھے اور امن و خوشحالی کے لئے دست بدعا تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عقیدت مندوں میں زن و مرد، پیر جوان اور بچے شامل تھے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی اس موقع پر حضرت بل میں نماز جمعہ ادا کی۔

اطلاعات کے مطابق وادی جناب صاحب صورہ، آثارشریف شہری کلاش پورہ، شیخ حمزہ مخدوم (رح)،دستگیر صاحب خانیار، نقشبند صاحب خواجہ بازار،خانقاہ معلیٰ سری نگر میں بھی جمعۃ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے۔

علاوہ ازیں وادی کے دیگر اضلاع کی مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعۃ الوداع کے روح پرور اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ خطیبوں نے اپنے جمعہ خطبوں کے دوران جمعۃ الوداع کی فضیلت پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور اس موقع پر خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔