جرائم و حادثاتسوشیل میڈیاقومی

دل دہلا دینے والا واقعہ، بیٹوں کے ہاتھوں والدین قتل (ویڈیو)

گھریلو جھگڑے اور جائیداد کے تنازعہ کا شبہ، پولیس نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی

غازی آباد: اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگے بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنے ہی والدین کو قتل کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ کراسنگ ریپبلک تھانہ علاقے کے بھیم نگر میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزمین دیپک اور للیت نے کسی گھریلو تنازعہ کے دوران اپنے والد گنگا شرن اور والدہ وملیش پر حملہ کر دیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی میاں بیوی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج کے دوران انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے دونوں ملزم بھائیوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں گھریلو اختلافات اور جائیداد کے تنازعہ کو واقع کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق خاندان میں اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ مقتول گنگا شرن اخبار کی ایجنسی چلاتے تھے، جبکہ دونوں بیٹے بے روزگار تھے۔ دونوں کی شادیاں ہو چکی تھیں اور ان کے بچے بھی ہیں، لیکن بے روزگاری کے باعث ان کی بیویاں اور بچے ان کے ساتھ نہیں رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ والد اپنے بیٹوں پر ملازمت کرنے کے لئے زور دیتے تھے، جس کی وجہ سے گھر میں آئے دن تنازعات جنم لیتے تھے۔

پڑوسیوں نے بتایا کہ واقعہ کی رات گھر سے چیخ و پکار اور جھگڑے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ ایک کرایہ دار نے پولیس کو فون کر کے واقع کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔

دیہی زون کے ڈی سی پی سریندر ناتھ تیواری نے بتایا کہ دونوں ملزمین سے الگ الگ پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر پہلو سے معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی قتل کی اصل وجہ سامنے آنے کی امید ہے۔