جرائم و حادثات

تلنگانہ: موبائل بیٹری دانت سے کترنے پر دھماکہ، 15 سالہ لڑکے کی دردناک موت (ویڈیو)

تلنگانہ کے کمرم بھیم آصف آباد ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں موبائل فون کی بیٹری دانت سے کترنے کے باعث ہونے والے دھماکہ میں 15 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے کمرم بھیم آصف آباد ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں موبائل فون کی بیٹری دانت سے کترنے کے باعث ہونے والے دھماکہ میں 15 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق، متوفی کی شناخت این لوکیش کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ گھر میں کھیلتے ہوئے موبائل فون کی بیٹری کو دانت سے کترنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک بیٹری زور دار دھماکہ سے پھٹ گئی۔

دھماکہ کے نتیجہ میں لوکیش کے چہرے اور منہ پر شدید زخم آئے۔ افراد خاندان نے فوری مدد کی کوشش کی، تاہم زخم انتہائی شدید ہونے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ افراد خاندان صدمہ سے نڈھال ہیں۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ بیٹری کس قسم کی تھی، دھماکہ کن حالات میں ہوا اور واقعہ کی دیگر وجوہات کیا تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لیتھیم بیٹریوں کو منہ میں ڈالنا یا دانتوں سے کتنرا انتہائی خطرناک عمل ہے۔ ایسی بیٹریاں پھٹنے کی صورت میں آگ، کیمیائی مادوں کے اخراج اور شدید جھلسنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو بیٹریوں سے کھیلنے یا انہیں منہ میں ڈالنے سے سختی سے روکیں اور استعمال شدہ یا خراب بیٹریاں محفوظ طریقہ سے تلف کریں۔