پالتو کتوں اور بلیوں کی رجسٹریشن لازمی، 30 ستمبر تک مہلت، خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2 اگست 2026 کو فرینڈشپ ڈے کے موقع پر "پیٹ کارنیول" کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں پالتو جانوروں کے مالکان کو متعدد مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
جے پور: جے پور میونسپل کارپوریشن (JMC) نے شہر میں پالتو کتوں اور بلیوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ شہریوں کو 30 ستمبر 2026 تک اپنے پالتو جانوروں کی رجسٹریشن کرانے کے لئےدو ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ مقررہ مدت کے بعد رجسٹریشن نہ کرانے والوں پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
میونسپل کمشنر اوم کاسیرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد جے پور کو ریبیز سے پاک شہر بنانا، جانوروں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا اور شہر میں موجود تمام پالتو جانوروں کا باقاعدہ ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے۔ رجسٹریشن کے ذریعہ ہر جانور کی ویکسینیشن اور صحت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا، جس سے ریبیز جیسی خطرناک بیماری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2 اگست 2026 کو فرینڈشپ ڈے کے موقع پر "پیٹ کارنیول” کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں پالتو جانوروں کے مالکان کو متعدد مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
موقع پر ہی رجسٹریشن کی سہولت
مفت اینٹی ریبیز ویکسین
ویٹرنری ڈاکٹروں کی جانب سے مفت طبی معائنہ
پالتو جانوروں کو گود لینے (Adoption) کی سہولت
ویکسینیشن بھی لازمی
نئے ضوابط کے مطابق ہر پالتو کتے اور بلی کو تین ماہ کی عمر میں پہلی اینٹی ریبیز ویکسین لگوانا لازمی ہوگا، جبکہ اس کے بعد ہر سال بوسٹر ڈوز بھی ضروری ہوگی۔
دیگر خلاف ورزیوں پر بھی جرمانے
میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن نہ کرانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ دیگر ضوابط کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اگر بغیر رجسٹریشن والے جانور کو ضبط کیا جاتا ہے تو اس کی دیکھ بھال کے لیے مالک کو 100 روپے یومیہ ادا کرنا ہوں گے۔
کارپوریشن نے پالتو جانوروں کی دکانوں، ڈاگ و کیٹ بریڈرز اور کینل آپریٹرز کے لیے بھی سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔
اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا (AWBI) میں رجسٹریشن لازمی ہوگا۔
کسی بھی کتے یا بلی کی فروخت یا منتقلی سے پہلے میونسپل رجسٹریشن ضروری ہوگی۔
تین ماہ سے کم عمر کے جانور خریدنے والوں کو حلف نامہ دینا ہوگا کہ مقررہ عمر پر ویکسین ضرور لگوائیں گے۔
بریڈرز اور پیٹ شاپس کو ہر تین ماہ بعد خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ میونسپل کارپوریشن میں جمع کرانا ہوگا۔
کارپوریشن نے پیٹ شاپس اور بریڈرز کے لیے رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے + جی ایس ٹی جبکہ تجدید (Renewal) فیس 500 روپے + جی ایس ٹی مقرر کی ہے۔